حیدرآباد: تلنگانہ حکومت نے حیدرآباد کے مضافاتی علاقوں میں ایک اہم انفراسٹرکچر پراجیکٹ کا آغاز کر دیا ہے، جس کے تحت 41.5 کلومیٹر طویل Greenfield Radial Roadتعمیر کی جائے گی۔ یہ سڑک آوٹر رنگ روڈ (ORR) کو علاقائی رنگ روڈ (RRR) کے جنوبی حصے سے جوڑے گی، اور مجوزہ ’فیوچر سٹی‘ کے لیے کلیدی رابطہ فراہم کرے گی۔
4,621 کروڑ روپئے کی لاگت سے تیار ہونے والا یہ منصوبہ دو مرحلوں میں مکمل کیا جائے گا۔ پہلے مرحلے میں 19.20 کلومیٹر طویل حصہ ٹاٹا انٹرچینج (راویریالا) سے میر خان پیٹ تک تعمیر ہوگا، جب کہ دوسرے مرحلے میں 22.30 کلومیٹر کی توسیع میر خان پیٹ سے امانگل تک کی جائے گی۔
یہ نئی سڑک 100 میٹر چوڑی ہوگی، اور مستقبل میں میٹرو کاریڈور کے لیے بھی جگہ مختص رکھی گئی ہے۔
اس سڑک کو ممتاز صنعتکار رتن ٹاٹا کے نام سے منسوب کیا گیا ہے، اور اسے جنوبی حیدرآباد کے ریئل اسٹیٹ نقشے کو بدلنے والا منصوبہ تصور کیا جا رہا ہے۔ یہ ریڈیل روڈ شہر کے ORR کو براہ راست RRR سے جوڑے گی، جو کہ 30,000 ایکڑ پر مشتمل ’فیوچر سٹی‘ کے لیے زمینی راہ ہموار کرے گی۔
حیدرآباد میٹروپولیٹن ڈیولپمنٹ اتھارٹی (HMDA) کے مطابق ٹنڈرز فائنل ہو چکے ہیں اور آئندہ چند ہفتوں میں تعمیراتی کام کا آغاز متوقع ہے۔
فیوچر سٹی کو اگلی نسل کا تجارتی اور کاروباری مرکز قرار دیا جا رہا ہے، جس سے اربن ایکسپینشن میں تیزی اور نجی سرمایہ کاری کا سیلاب آنے کی امید ہے۔ رتن ٹاٹا روڈ کو مہیشورم، ابراہیم پٹنم، کندکور، یاچارم، کڈتھال، اور آمنگل جیسے چھ تیزی سے ترقی کرتے ہوئے منڈلوں میں ترقی کے محرک کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
اس کا اثر پہلے ہی ظاہر ہونے لگا ہے، ریئل اسٹیٹ میں دلچسپی بڑھ رہی ہے اور زمین کی قیمتوں میں ہلچل دیکھی جا رہی ہے۔ بہتر سڑک رابطہ ان علاقوں میں معاشی سرگرمیوں کو نئی جہت دے گا۔
یہ نیا کاریڈور مجوزہ اسکلز یونیورسٹی سے بھی منسلک ہوگا، جس سے تعلیمی اور ادارہ جاتی ترقی کو مزید تقویت ملے گی۔





































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































