Read in English  
       
Food Poisoning

حیدرآباد: سابق وزیر اور بی آر ایس کے سینئر رہنما ٹی ہریش راؤ نے تلنگانہ کے سرکاری گروکل اداروں میں پے در پے Food Poisoningکے واقعات پر کانگریس حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور فوری اصلاحی اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔

ہریش راؤ نے کہا کہ گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران ریاست کے مختلف اضلاع میں چار الگ الگ گروکل اداروں میں فوڈ پوائزننگ کے واقعات پیش آئے، جن میں ناگل گِڈہ ماڈل اسکول (ضلع سنگاریڈی)، پدا کوتہ پلی گروکل (ضلع ناگر کرنول)، لکشمی پور گاؤں کا گروکل (ضلع جگتیال) اور بھدراچلم گروکل کالج (ضلع بھدرادری کوتہ گوڑم) شامل ہیں۔

انہوں نے الزام لگایا کہ کانگریس حکومت کی لاپرواہی کے سبب گروکل نظام برباد ہو رہا ہے اور وزیراعلیٰ ریونت ریڈی جان بوجھ کر سابق وزیراعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ کی تعلیمی وراثت کو ختم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ہریش راؤ نے سوال اٹھایا کہ جب درجنوں طلبہ اسپتال میں داخل ہیں تو کیا وزیراعلیٰ کا دل نہیں پگھلتا؟

انہوں نے دعویٰ کیا کہ کانگریس کے اقتدار میں آنے کے بعد سے اب تک 100 سے زائد گروکل طلبہ سانپ کے کاٹنے، خودکشی یا خوراک سے متعلق مسائل کے سبب ہلاک ہو چکے ہیں۔ ہریش راؤ نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ان واقعات پر وضاحت دے اور سرکاری رہائشی اسکولوں میں درپیش سنگین مسائل کا فوری ازالہ کرے۔