Read in English  
       
CPI

حیدرآباد: CPIکے قومی سکریٹری کے نارائنا نے الزام عائد کیا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی حکومت نے آئینی اداروں کو کمزور کرتے ہوئے تمام اختیارات کو مرکزیت دے دیا ہے، یہاں تک کہ راشٹرپتی بھون بھی وزیر اعظم کے دفتر کی ہدایات پر عمل کرتا ہے۔

جمعرات کو ضلع میڑچل کے گجولارامارم میں سی پی آئی کی چوتھی ریاستی کانفرنس کے دوسرے دن خطاب کرتے ہوئے کے نارائنا نے کہا کہ بی جے پی نے سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن، انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ، نیتی آیوگ اور عدلیہ جیسے خود مختار اداروں کو کمزور کردیا ہے۔ انہوں نے حکمراں جماعت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ ایسے قوانین بنانے کی کوشش کر رہی ہے جن کے تحت 30 دن جیل جانے والے ارکان اسمبلی کو نااہل قرار دیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ایسا ہی ہے تو پہلے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے عہدے کو منسوخ کیا جانا چاہئے کیونکہ وہ ماضی میں دو سال جیل کاٹ چکے ہیں۔

کے نارائنا نے کہا کہ سی پی آئی پسماندہ طبقات کو 42 فیصد تحفظات دینے کے مطالبے کی جاری جدوجہد کی حمایت کرتی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگرچہ تلنگانہ میں سی پی آئی کانگریس کی حلیف ہے لیکن وزیراعلیٰ ریونت ریڈی کی حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کی مخالفت بھی کرے گی۔

سی پی آئی لیڈر نے پارٹی سے مطالبہ کیا کہ خواجہ سرا برادری کو رکنیت دی جائے اور ان کے مسائل کو سرگرمی کے ساتھ اٹھایا جائے۔ اس اجلاس میں سی پی آئی کے قومی سکریٹری عزیز پاشاہ اور رکن اسمبلی کنامنی سامباسیوا راؤ نے بھی شرکت کی۔