حیدرآباد: کانگریس پارٹی آئندہ ہفتے اپنی سیاسی حکمت عملی کو دو محاذوں پر تقسیم کرے گی، جس میں ایک جانب تلنگانہ میں پانچ روزہ ’جنہیتا پدیاترا‘ نکالی جائے گی اور دوسری جانب دہلی میں BC Reservationsبل کی منظوری کے مطالبے پر احتجاج کیا جائے گا۔
یہ پدیاترا 1 اگست بروز جمعرات رنگا ریڈی ضلع کے پرگی سے شروع ہوگی اور 4 اگست کو عادل آباد کے خاناپور میں اختتام پذیر ہوگی۔ اس مارچ کی قیادت ریاستی کانگریس صدر اے مہیش کمار گوڑ اور آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی تلنگانہ انچارج میناکشی نٹراجن کریں گے، جس میں مختلف سماجی خدمت کے پروگرام بھی شامل ہوں گے۔
دوسری جانب 5 اگست سے 7 اگست تک وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی کانگریس کے ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ساتھ دہلی میں قیام کریں گے تاکہ بی سی تحفظات بل کی پارلیمنٹ میں منظوری کے لیے دباؤ ڈالا جا سکے۔ اس تین روزہ دورہ کے دوران ریاستی وزراء، ارکان اسمبلی، قانون ساز کونسل کے ارکان، کارپوریشن چیئرمین اور سینئر قائدین دہلی میں موجود رہیں گے۔
6 اگست کو جنتر منتر پر ایک بڑا احتجاجی مظاہرہ منعقد کیا جائے گا، جس میں ریونت ریڈی بھی شرکت کریں گے۔ اس کے لیے پردیش کانگریس کمیٹی نے تمام اضلاع سے بی سی کارکنوں کو دہلی لانے کے لیے خصوصی ٹرین کا انتظام کیا ہے۔ ہر ضلع سے 50 ارکان پر مشتمل قافلہ اس احتجاج میں شامل ہوگا۔
کانگریس کے ارکان پارلیمنٹ 5 اگست کو لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں ملتوی تحریک کے ذریعے بی سی تحفظات کے مسئلہ پر بحث کا مطالبہ پیش کریں گے۔
ریونت ریڈی نے مہیش گوڑ اور میناکشی نٹراجن کے ساتھ ملاقات میں اس بات کی توثیق کی کہ وہ 6 اگست کو جنتر منتر احتجاج میں شریک ہوں گے اور 7 اگست کو اے آئی سی سی قائدین اور ارکان پارلیمنٹ کے ساتھ صدر جمہوریہ ہند کو یادداشت بھی پیش کریں گے۔
دہلی کی سرگرمیوں کے بعد ’جنہیتا پدیاترا‘ 8 اگست سے دوبارہ شروع ہوگی، جس میں مزید سماجی خدمت کے پروگرام شامل کیے جائیں گے۔
علاوہ ازیں، مہیش اور میناکشی نے پارٹی کے نامزد عہدوں اور کمیٹیوں کے لیے امیدواروں کی ایک فہرست کانگریس قیادت کو پیش کی، جس میں ایسے نوجوان قائدین کو ترجیح دی گئی ہے جو پچھلے پانچ برس سے پارٹی کے لیے سرگرم ہیں اور عمر میں 50 برس سے کم ہیں۔








































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































