حیدرآباد: سنکرانتی کے تہوار کے بعد مرچ کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ دیکھا گیا ہے، جس کے نتیجے میں فی کوئنٹل قیمت 23000 روپئے سے تجاوز کر گئے۔ تاجروں کے مطابق دیگر ریاستوں سے آمد میں کمی اور مانگ میں تیزی اس اضافے کی بڑی وجوہات ہیں۔ طویل عرصے کے بعد قیمتوں میں بہتری آنے سے کسانوں میں اطمینان پایا جا رہا ہے۔
تاجروں کا کہنا ہے کہ اچار بنانے کے سیزن کے آغاز اور مرچ پاؤڈر کی بڑھتی مانگ نے بازار پر فوری اثر ڈالا۔ اس دوران خاص اقسام کی مانگ میں نمایاں اضافہ ہوا، جس سے ریاست کی بڑی منڈیوں میں قیمتیں اوپر چلی گئیں۔
ورنگل اور ملک پیٹ کی منڈیوں کے ساتھ ساتھ گنٹور مرچ یارڈ میں 341 اور دیونور ڈیلکس جیسی اقسام کی قیمتوں میں تیز اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ صرف دیونور ڈیلکس قسم کی قیمت میں چند ہفتوں کے اندر 4000 روپئے فی کوئنٹل سے زیادہ کا اضافہ ہوا۔
پیداوار میں کمی، رسد متاثر | Chilli Prices
تاجروں کے مطابق گزشتہ ایک ماہ کے دوران سبزیوں کے سیزن میں کم پیداوار کے باعث مرچ کی رسد میں نمایاں کمی آئی ہے۔ آندھرا پردیش اور تلنگانہ میں پیداوار گھٹنے سے گنٹور کی منڈی میں آمد کم رہی، جس کا براہ راست اثر قیمتوں پر پڑا۔
6 جنوری کو مختلف اقسام کی قیمتیں تقریباً 20500 روپئے فی کوئنٹل تھیں، جو بعد ازاں بتدریج بڑھتے ہوئے 23000 روپئے تک پہنچ گئیں۔ محدود دستیابی کے باعث 341، 334، 355 اور نمبر 5 جیسی اقسام نے بھی ڈیلکس مرچوں کے برابر قیمت حاصل کرنا شروع کر دی۔
تاجروں کی ذخیرہ اندوزی، کسان مطمئن | Chilli Prices
بازار سے وابستہ افراد کا کہنا ہے کہ کچھ تاجر مزید اضافے کی توقع میں مرچ ذخیرہ کر رہے ہیں، جس سے رسد پر دباؤ بڑھ رہا ہے۔ اس کے باوجود کسانوں میں خوشی کی لہر ہے، کیونکہ طویل عرصے سے مرچ کی قیمتیں کم سطح پر تھیں۔
کاشتکاروں کا کہنا ہے کہ موجودہ قیمت ان کی محنت کا بہتر معاوضہ فراہم کر رہے ہیں۔ اگر یہی رجحان برقرار رہا تو آئندہ دنوں میں مرچ کی کاشت پر کسانوں کا اعتماد مزید مضبوط ہونے کی توقع ہے۔































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































