Read in English  
       
Online Betting

حیدرآباد: نرمَل ضلع پولیس نے بھینسہ میں ایک Online Bettingریکٹ پر چھاپہ مار کر اس کے اہم سرغنہ سید اعظم کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق وہ گذشتہ ایک سال سے اس دھندے کو چلا رہا تھا اور اسے اویسی نگر سے حراست میں لیا گیا۔

ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس جانکی شرمیلا نے بتایا کہ اعظم نے ایک سروس سنٹر کے پردے میں Allpannel نامی ایپ کے ذریعہ سٹہ بازی کا یہ غیرقانونی کاروبار شروع کیا تھا۔ وہ متاثرہ افراد کے بینک کھاتے اور انٹرنیٹ بینکنگ کی تفصیلات جمع کر کے انہیں ماہانہ منافع کا جھانسہ دیتا اور تمام مالی لین دین اپنے کنٹرول میں کر لیتا۔ پولیس کے مطابق اعظم سٹہ بازی سے حاصل رقم کو مختلف کھاتوں کے ذریعہ دھو کر آگے بڑھاتا، جعلی انکم ٹیکس ریٹرنس تیار کرتا اور جعلی آمدنی سرٹیفکیٹس بنا کر اس ریکٹ کو برقرار رکھتا تھا۔

چھاپے کے دوران پولیس نے 16.3 لاکھ روپئے نقدی، 385 گرام سونے کے زیورات، تین سونے کی بسکٹیں، 21 جائیداد کے کاغذات، موبائل فون، آٹھ اے ٹی ایم کارڈ اور متعدد پین و آدھار کارڈ ضبط کئے جو متاثرہ افراد سے تعلق رکھتے تھے۔

ایس پی شرمیلا نے کہا کہ سٹہ بازی اور جوا سے جڑے افراد کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ایسے ریکٹس کا شکار نہ ہوں اور فوری طور پر پولیس کو اطلاع دیں تاکہ کارروائی کی جا سکے۔