حیدرآباد: بی آر ایس کی ایم ایل سی اور تلنگانہ جاگرتی کی صدر کے کویتا نے ہفتہ کو بی سی آگاہی رتھ یاترا (BC Awareness Rathams) کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا، جو ریاست بھر کے اضلاع میں جا کر پسماندہ طبقات کے لیے 42 فیصد تحفظات کے مطالبہ پر عوامی تائید حاصل کرے گی۔
یہ رتھ یاترائیں تلنگانہ کے مختلف اضلاع کا دورہ کرتے ہوئے عوام کو تعلیم، روزگار اور مقامی اداروں میں بی سی طبقات کو متناسب حصہ داری کی اہمیت سے واقف کرائیں گی۔
کے کویتا نے اعلان کیا کہ وہ 4 اگست کو صبح 11 بجے سے اندرا پارک، دھرنا چوک پر 72 گھنٹوں کی بھوک ہڑتال شروع کریں گی، جو 7 اگست کی صبح تک جاری رہے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ احتجاج بی سی طبقات کو ان کا آئینی اور سماجی حق دلانے کے لیے ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریاست میں بی سی طبقات کی آبادی کے لحاظ سے 42 فیصد تحفظات ضروری ہیں، اور یہ احتجاج اسی جائز مطالبے کو اجاگر کرنے کے لیے کیا جا رہا ہے۔
تلنگانہ جاگرتی کی قیادت میں شروع کی گئی یہ مہم ریاستی سیاست میں بی سی تحفظات کے حق میں عوامی رائے کو مستحکم کرنے کی ایک منظم کوشش کے طور پر دیکھی جا رہی ہے۔








































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































