حیدرآباد: بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ رگھونندن راؤ نے کانگریس اور بھارت راشٹرا سمیتی (بی آر ایس) پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ دونوں مل کر [en]Banakacharla Project[/en] کی پیش رفت میں رکاوٹیں ڈال رہے ہیں اور اس مسئلے پر باقاعدہ سیاسی ڈرامہ رچا رہے ہیں۔ میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کریم نگر کے رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ آندھرا پردیش کے مجوزہ گوداوری- بناکا چرلہ دریا ربط پراجکٹ کو دانستہ التواء میں رکھا جا رہا ہے۔
رگھونندن راؤ نے الزام لگایا کہ کے چندرشیکھر راؤ کی قیادت والی بی آر ایس حکومت نے “پراجکٹ ری ڈیزائن” کے نام پر ایک دہے تک ریاست کو لوٹا، اور اب کانگریس حکومت کمیشن اور فارملیٹیوں کی آڑ میں وقت ضائع کر رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مرکز تلنگانہ کے ساتھ کسی بھی ناانصافی کی اجازت نہیں دے گا اور آندھرا پردیش کی جانب سے بھیجا گیا بناکا چرلہ پراجکٹ کا تجویز مرکز پہلے ہی واپس کر چکا ہے۔
بی جے پی لیڈر نے کے سی آر پر 299 ٹی ایم سی پانی کی الاٹمنٹ قبول کرنے کو ایک سنگین غلطی قرار دیا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ وزیراعلیٰ ریونت ریڈی نے اب تک اس مسئلے پر کے سی آر کو خط کیوں نہیں لکھا؟ رگھونندن راؤ نے زور دے کر کہا کہ مرکزی حکومت تلنگانہ کی ترقی کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ پانی جیسے اہم وسائل کے مسئلے پر سیاست نہیں ہونی چاہیے اور ریاستی حکومتوں کو تلنگانہ کے مفاد کو ترجیح دینی چاہیے نہ کہ باہمی مفاہمت کی آڑ میں عوام کو گمراہ کیا جائے۔








































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































