
حیدرآباد: ریاست بھر میں Leopardsکی گرفتاری کے واقعات میں اضافے کے پیش نظر، محکمہ جنگلات تلنگانہ نے ان جانوروں کی جنگل میں واپسی کے بعد ان کی نقل و حرکت کی نگرانی کے لیے ریڈیو کالر استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ پہلا موقع ہوگا کہ محکمہ جنگلات ایک پائلٹ پراجیکٹ کے تحت دو ریڈیو کالر خریدے گا تاکہ چھوڑے گئے تیندوں کی بقاء اور حرکات پر نظر رکھی جا سکے۔ ایک اعلیٰ عہدیدار کے مطابق، ہر کالر کی لاگت تقریباً 1.5 لاکھ روپئےہے، اور حکومت کی منظوری کے بعد یہ کالر آئندہ دو ماہ میں حاصل کر لیے جائیں گے۔
گزشتہ دو برسوں میں محکمہ جنگلات نے سات تیندے پکڑے ہیں—جن میں سے تین آئی سی آر آئی سی اے ٹی اور تین چلکور سے، جبکہ ایک شمش آباد سے پکڑا گیا۔ ان جانوروں کو نہرو زوالوجیکل پارک کے ویٹرنری افسران سے فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کے بعد مناسب جنگلی علاقوں میں چھوڑا گیا، جن کا انتخاب شکار کی دستیابی اور پانی کے وسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا۔
تاہم اب تک ان تیندوں کی رہائی کے بعد کی زندگی پر کوئی نگرانی ممکن نہیں تھی۔ یہ جانور عموماً ایسے جنگلات میں چھوڑے جاتے ہیں جو بعض اوقات شیروں کے علاقوں سے بھی متصل ہوتے ہیں، اور حکام صرف اندازے کی بنیاد پر ان کے زندہ رہنے کا خیال کرتے تھے۔
اب نئے ریڈیو کالرز ایک سال تک سگنل نشر کریں گے اور تقریباً 10,000 ہیکٹر رقبے کو کور کریں گے۔ یہ سگنل یا تو بیس اسٹیشنز یا موبائل یونٹس کے ذریعے موصول کیے جا سکیں گے۔ جنگلی حیات پر تحقیق کرنے والی این جی اوز اس منصوبے میں تکنیکی مدد فراہم کریں گی۔
بتایا گیا ہے کہ کرناٹک میں ایسے ہی ریڈیو کالرز پہلے ہی ہاتھیوں کی نگرانی کے لیے استعمال کیے جا رہے ہیں، اور تلنگانہ میں یہ تجربہ تیندوں پر پہلی بار آزمایا جائے گا۔