حیدرآباد ۔ وزارتِ شماریات و پروگرام کے نفاذ کی تازہ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ تلنگانہ میں Child Malnutrition خطرناک سطح تک پہنچ گئی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق 5 سال سے کم عمر کے 31.8 فیصد بچے وزن میں کم ہیں۔ یہ معلومات سینٹرل اور اسٹیٹ اسٹیٹسٹیکل آرگنائزیشن نے اپنی تازہ اشاعت “چلڈرن اِن انڈیا – 2025” میں جاری کی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق لڑکوں میں غذائی قلت کی شرح لڑکیوں کے مقابلے زیادہ ہے جبکہ دیہی علاقوں کے بچے شہری بچوں سے زیادہ متاثر ہیں۔ دیہی تلنگانہ میں 35 فیصد بچے غذائی قلت کے شکار ہیں جبکہ شہروں میں یہ شرح 25.8 فیصد ہے۔ جنس کی بنیاد پر دیکھا جائے تو 33.4 فیصد لڑکے اور 30 فیصد لڑکیاں اس مسئلے سے دوچار ہیں۔
رپورٹ میں بچوں میں موٹاپے کی موجودگی بھی ظاہر کی گئی۔ شہری علاقوں میں 4.2 فیصد جبکہ دیہی علاقوں میں 3 فیصد بچے اس مرض میں مبتلا ہیں۔ لڑکوں میں 3 فیصد اور لڑکیوں میں 3.8 فیصد موٹاپے کے کیسز سامنے آئے۔
بچوں میں آئرن کی کمی اور دیگر مسائل
تحقیق میں یہ بھی بتایا گیا کہ 5 سے 9 برس کی عمر کے 22.7 فیصد اور 10 سے 19 برس کی عمر کے 26 فیصد بچے آئرن کی کمی سے دوچار ہیں۔ مزید یہ کہ 10 سے 19 برس کے 6.7 فیصد نوعمر بچے ہائی بلڈ پریشر کا شکار پائے گئے۔
ماہرینِ صحت نے خبردار کیا ہے کہ Child Malnutrition کے ضمن میں ریاست کو فوری اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے تجویز دی کہ بچوں کو آئرن اور وٹامن سپلیمنٹس فراہم کیے جائیں اور باقاعدگی سے میڈیکل چیک اپ کا اہتمام کیا جائے تاکہ غذائی قلت اور طرزِ زندگی سے جڑی بیماریوں میں کمی لائی جا سکے۔






























































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































