حیدرآباد: فوڈ سیفٹی عہدیداروں نے محبوب نگر ضلع کے Jadcherla Bakeryکو اس وقت سیل کردیا جب ایک صارف نے الزام لگایا کہ اس کے کری پف میں سانپ نکلا، جس پر عوام میں شدید برہمی پھیل گئی۔
شکایت موصول ہونے پر ضلعی فوڈ انسپکٹر نیلما نے جڑچرلہ پولیس اسٹیشن کا دورہ کیا، پف کا معائنہ کیا اور اسے لیبارٹری ٹیسٹ کے لیے بھیج دیا۔ بعد ازاں انہوں نے سری لکشمی بنگلور بیکری کا معائنہ کیا جہاں یہ پف تیار کیا گیا تھا۔
معائنہ کے دوران انکشاف ہوا کہ بیکری بغیر لائسنس کے چلائی جا رہی تھی۔ اس کے علاوہ کھانے کی تیاری کی جگہ غیر صحت بخش پائی گئی اور بن، کیک، بسکٹ اور پف میں استعمال ہونے والے کیمیکلز اور کریمز کی مدتِ استعمال ختم ہو چکی تھی۔
ان سنگین خلاف ورزیوں پر نیلما نے مالک کو نوٹس جاری کیا اور لیبارٹری رپورٹ آنے تک بیکری کو بند کرنے کا حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ تحقیقات جاری ہیں اور رپورٹ ملنے کے سات دن کے اندر قانونی کارروائی کی جائے گی۔
نیلما نے انتباہ دیا کہ زائد المیعاد کیمیکلز خاص طور پر بچوں کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں، اس لیے بیکریوں اور ہوٹلوں کو صفائی کے اصولوں پر عمل کرنا اور فوری طور پر زائد المیعاد اشیاء کو تلف کرنا لازمی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ بغیر لائسنس کے چلنے والے اداروں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔
ادھر مقامی باشندوں نے الزام لگایا کہ جڑچرلہ کی کئی بیکریاں معیار کی پابندی نہیں کرتیں اور میونسپل عہدیدار لائسنس کی جانچ میں غفلت برت رہے ہیں، جس سے غیر محفوظ خوراک کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































