حیدرآباد: اینام ڈیلی سے وابستہ صحافی دتہ ریڈی[en]Datta Reddy[/en] کا اتوار کی رات ورنگل میں حرکت قلب بند ہونے کے باعث انتقال ہو گیا۔ وہ سینے میں درد کی شکایت کے بعد ایم جی ایم اسپتال منتقل کیے گئے جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دیا۔
دتہ ریڈی کا تعلق ضلع کاماریڈی کے منڈل پٹلم کے موضع مدلچروا سے تھا۔ انہوں نے 2015 میں اینام اخبار میں شمولیت اختیار کی تھی اور حیدرآباد و نلگنڈہ میں خدمات انجام دینے کے بعد گزشتہ سال ستمبر میں انہیں ورنگل منتقل کیا گیا تھا۔
وہ مختلف عوامی و سماجی مسائل پر تحقیقی رپورٹس کی وجہ سے جانے جاتے تھے اور ایک مضبوط قاری حلقہ رکھتے تھے۔ ان کے انتقال پر صحافی برادری نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
دتہ ریڈی کے پسماندگان میں اہلیہ پریانکا اور چھ سالہ بیٹا شریانش شامل ہیں۔































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































