حیدرآباد:Phone Tapping Case کے سلسلے میں تحقیقات کرنے والی اسپیشل انویسٹی گیشن ٹیم (ایس آئی ٹی) کے سامنے پیش ہونے کے بجائے مرکزی وزیر بنڈی سنجے نے حاضری مؤخر کر دی ہے۔ انہوں نے پارلیمنٹ کے جاری مانسون اجلاس کا حوالہ دیتے ہوئے 24 جولائی کو پیش نہ ہونے سے مطلع کیا۔
ایس آئی ٹی نے بنڈی سنجے کو بطور گواہ نوٹس جاری کرتے ہوئے پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا تھا تاکہ فون نگرانی سے متعلق الزامات کی تحقیقات میں اُن کا بیان ریکارڈ کیا جا سکے۔ اب انہوں نے 28 جولائی کو حاضر ہونے کی خواہش ظاہر کی ہے۔
ایس آئی ٹی کی جانب سے اس معاملے کی تحقیقات میں تیزی لائی گئی ہے، اور اب تک کئی شکایت گزاروں اور ملزمان کے بیانات ریکارڈ کیے جا چکے ہیں۔ جن شخصیات نے اب تک بیان دیا ہے ان میں تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر مہیش کمار گوڑ، رکن قانون ساز کونسل تین مار ملنا، اور فہیم قریشی شامل ہیں۔
بنڈی سنجے پہلے بھی یہ الزام لگا چکے ہیں کہ بی آر ایس حکومت کے دوران ان کا فون غیر قانونی طور پر ٹیپ کیا گیا تھا۔ ایس آئی ٹی اس الزام کی روشنی میں ان کا بیان حاصل کرنا چاہتی ہے تاکہ غیر قانونی نگرانی سے متعلق بڑے دائرہ کار کی تفتیش کو آگے بڑھایا جا سکے۔































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































