حیدرآباد: این ایم سی رشوت کیس میں جمعرات کو تیزی اس وقت آئی جب انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے منی لانڈرنگ کی باقاعدہ تفتیش شروع کر دی۔ ای ڈی نے یہ کارروائی اس سی بی آئی ایف آئی آر کی بنیاد پر کی جس میں میڈیکل کالجوں کی انسپکشن کے دوران رشوت کی بڑی رقم کے تبادلے کا انکشاف ہوا تھا۔
ای ڈی کے مطابق سی بی آئی نے تلنگانہ، آندھرا پردیش، مہاراشٹر، مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ، گجرات، راجستھان، بہار، اتر پردیش اور دہلی میں ہونے والی انسپکشنز کے دوران رقم کے بہاؤ کو ٹریک کیا تھا۔ انہی شواہد کی بنیاد پر ای ڈی نے 15 مقامات پر چھاپے مارے جو سرکاری افسران، بروکروں اور سات نجی میڈیکل کالجوں سے وابستہ افراد کے ٹھکانوں پر کیے گئے۔
تلنگانہ میں ای ڈی نے ورنگل کے فادر کولمبو انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز پر چھاپہ مارا۔ اس کے ساتھ ڈاکٹروں اَنکم رام بابو، ہری پرساد اور کرشنا کشور کے گھروں کی بھی تلاشی لی گئی جن پر بروکر کا کردار ادا کرنے کا الزام ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق فادر کومّری ریڈی نے انہی کے ذریعے 66 لاکھ روپئے سینئر این ایم سی افسران تک پہنچائے۔
ہنڈی اور حوالہ کے ذریعے رقوم کی منتقلی کا سراغ | NMC Probe
آندھرا پردیش میں ای ڈی نے وشاکھاپٹنم کے گایتری میڈیکل کالج کی ادائیگیوں کی جانچ کی۔ افسران کے مطابق کالج ڈائریکٹر وینکٹ نے 50 لاکھ روپئے کرشنا کشور کو دیے، جس نے یہ رقم حوالہ کے ذریعے دہلی منتقل کی۔ ابتدائی جانچ سے معلوم ہوا ہے کہ کئی کالجوں نے اسی طریقے کو استعمال کیا۔
سی بی آئی نے 30 جون کو جو مقدمہ درج کیا تھا اس میں الزام تھا کہ وزارت صحت کے ملازمین، این ایم سی افسران، بروکرز اور کالج انتظامیہ نے انسپکشن کی خفیہ معلومات ایک دوسرے کو فراہم کیں۔ ان معلومات میں انسپکشن کی تاریخیں، ٹیم کے ارکان اور فوکس ایریاز شامل تھے۔ کالجوں نے ان خبروں کی بنیاد پر خامیاں دور کیں اور غیر قانونی طور پر منظوری حاصل کی۔ اس کے بدلے کئی اداروں نے کروڑوں روپے بروکرز کے ذریعے ادا کیے۔
ایف آئی آر میں 34 افراد کے نام شامل ہیں جن میں وزارت صحت کے آٹھ ملازمین، ایک سینئر نیشنل ہیلتھ افسر اور این ایم سی کے پانچ انسپکشن ڈاکٹر شامل ہیں۔ سی بی آئی نے پہلے ہی تین این ایم سی ٹیم ممبران اور پانچ دیگر افراد کو 55 لاکھ روپئے رشوت لینے پر گرفتار کیا تھا، یہ رقم چھتیس گڑھ کے ایک کالج کی منظوری کے لیے لی گئی تھی۔





















































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































