Read in English  
       
Medigadda

حیدرآباد: تلنگانہ کے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے جمعرات کو ریاست کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا فضائی معائنہ کیا تاکہ شدید بارش اور دریاؤں میں طغیانی کے اثرات کا جائزہ لے سکیں۔ چیف منسٹر کے ساتھ وزیر آبپاشی اُتم کمار ریڈی اور تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر مہیش کمار گوڑ بھی موجود تھے۔ بیگم پیٹ ایئرپورٹ سے روانگی کے بعد انہوں نے سری پادا ایلم پلّی پراجیکٹ اور دریائے گوداوری کے بہاؤ کا جائزہ لیا اور بعد میں ایلم پلّی سائٹ پر اترے۔

ایلم پلّی میں ریونت ریڈی نے انجینئروں اور آبپاشی کے عہدیداروں کے ساتھ پراجیکٹ میں پانی کے بہاؤ اور سیلابی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے اس منصوبے کو تلنگانہ کی زندگی کی لکیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایلم پلّی ماہرین کی رہنمائی اور اہم جغرافیائی مقام پر تعمیر ہونے کے باعث آج بھی مضبوطی سے قائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک ایسے منصوبے میں واضح فرق نظر آ رہا ہے جو ناکام ہوگیا اور دوسرے میں جو وقت کی آزمائش پر پورا اترا، یہ حوالہ Medigaddaپراجیکٹ کی طرف تھا۔

چیف منسٹر نے قومی ادارہ برائے سیفٹی آف ڈیمز کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ میڈی گڈہ ، اننارم اور سندیلا بیراج ایک جیسے ڈیزائن پر تعمیر ہوئے ہیں اور پانی ذخیرہ کرنے کے لیے غیر محفوظ قرار دیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر مقررہ حد سے زیادہ پانی ذخیرہ کیا گیا تو ان کے گرنے کا خدشہ ہے جس سے نشیبی علاقوں کے دیہات شدید خطرے میں پڑ جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میڈی گڈہ پہلے ہی ناکارہ ہوچکا ہے۔

ریونت ریڈی نے یقین دلایا کہ ان کی حکومت تکنیکی کمیٹی کی سفارشات پر سختی سے عمل کرے گی تاکہ عوامی تحفظ اور آبی سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ سیلاب زدہ علاقوں میں سخت نگرانی کی جائے، نشیبی بستیوں سے مکینوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے انتظامات کو مزید مستحکم بنایا جائے۔