
حیدرآباد: سپریم کورٹ آج 10 Telangana MLAs Disqualificationسے متعلق دائر کی گئی درخواستوں پر اپنا فیصلہ سنائے گی۔ ان درخواستوں میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ اسمبلی اسپیکر کو ایک مقررہ مدت کے اندر انحراف کے معاملات پر فیصلہ کرنے کی ہدایت دی جائے۔
یہ درخواستیں بھارت راشٹرا سمیتی (بی آر ایس)، پارٹی کے ورکنگ صدر کے ٹی راما راؤ، اور بی آر ایس ارکان اسمبلی پدی کوشک ریڈی، کے پی ویویکانند، جی جگدیش ریڈی، پلا راجیشور ریڈی، چنتا پربھاکر اور کلواکنٹلا سنجے کی جانب سے دائر کی گئی تھیں۔ بی جے پی لیجسلیچر پارٹی لیڈر ایلتی مہیشور ریڈی نے بھی ایک علیحدہ عرضی دائر کی ہے۔
یہ معاملہ 15 جنوری 2024 کو درخواستیں دائر ہونے کے بعد سے اب تک نو مرتبہ عدالت عظمیٰ کے روبرو آ چکا ہے۔ جسٹس بی آر گوائی اور جسٹس آگسٹین جارج مسیح پر مشتمل بینچ نے تمام فریقین کے دلائل سننے کے بعد 3 اپریل کو فیصلہ محفوظ رکھا تھا۔
جن افراد کو فریق بنایا گیا ہے ان میں تلنگانہ اسمبلی اسپیکر گڈم پرساد کمار اور وہ دس ارکان اسمبلی شامل ہیں جن پر پارٹی بدلنے کا الزام ہے: پی سرینواس ریڈی، بندلا کرشنا موہن ریڈی، کالے یادیاہ، ٹی پرکاش گوڑ، اے گاندھی، گڈم مہپال ریڈی اور ایم سنجے کمار ہیں۔
درخواست گزاروں کا الزام ہے کہ اسپیکر نے نااہلی کی عرضیوں پر فیصلہ کرنے میں غیر ضروری تاخیر کی ہے، جس کی وجہ سے منحرف ارکان اسمبلی اب بھی اپنی نشستوں پر برقرار ہیں، جو آئینی اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔