
حیدرآباد: Secunderabad Railwayاسٹیشن پر تعمیر نو کے کام کے باعث کئی ٹرینوں کی روانگی میں عارضی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ ساوتھ سنٹرل ریلوے نے اعلان کیا ہے کہ 20 اکتوبر سے 26 اکتوبر کے درمیان سکندرآباد سے چلنے والی کئی ٹرینیں متبادل اسٹیشنوں سے روانہ ہوں گی۔
ریلوے عہدیداروں کے مطابق یہ تبدیلیاں اس مصروف ٹرمینل پر جدید کاری کے کام کو ہموار طریقے سے آگے بڑھانے کے لیے کی گئی ہیں۔ مسافروں کو پیشگی اطلاع دینے کے لیے نوٹس بھی جاری کیے جا چکے ہیں۔
اہم ٹرینوں کو چرلہ پلی اسٹیشن منتقل کیا گیا ہے۔ ان میں سکندرآباد۔منوگوڑو، سکندرآباد۔رے پلی ، سکندرآباد۔سیلچر، سکندرآباد۔دربھنگہ، سکندرآباد۔یشونت پور، سکندرآباد۔اگرتلہ، سکندرآباد۔مظفرپور، سکندرآباد۔سانتراگچی، سکندرآباد۔داناپور اور سکندرآباد۔رامیشورم شامل ہیں۔
اس کے علاوہ دیگر خدمات میں بھی رد و بدل کیا گیا ہے۔ سکندرآباد۔پوربندر ٹرین اب اُدئے نگر سے روانہ ہوگی، سدی پیٹ۔سکندرآباد ٹرین ملکاجگری سے اور پونے۔سکندرآباد ٹرین حیدرآباد اسٹیشن سے روانہ کی جائے گی۔
عہدیداروں نے مسافروں سے اپیل کی ہے کہ وہ سفر سے قبل نظرثانی شدہ شیڈول ضرور دیکھ لیں۔ مزید کہا گیا کہ متبادل اسٹیشنوں پر اضافی مسافروں کے انتظام کے لیے خاطر خواہ اقدامات کیے گئے ہیں۔