
حیدرآباد: چیف منسٹر Revanth Reddyنے پیر کے روز ریاست بھر میں شدید بارش کی پیش گوئی کے پیش نظر تمام ضلع کلکٹرس اور محکمہ جاتی عہدیداروں کو ہائی الرٹ پر رہنے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے حکم دیا کہ متاثرہ علاقوں میں فوری اور مؤثر ردعمل کے لیے تمام محکمہ جات میں ہم آہنگی برقرار رکھی جائے۔
سکریٹریٹ میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ خاص طور پر نشیبی علاقوں میں کسی بھی ممکنہ رکاوٹ کو روکنے کے لیے پیشگی اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن (جی ایچ ایم سی) اور دیگر اضلاع کی انتظامیہ کو تاکید کی کہ وہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں رہائشیوں کو الرٹ کریں اور موقع پر رہ کر راحت کاری کی نگرانی کریں۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ دو سے تین دنوں تک مزید بارش متوقع ہے، اس لیے ضلع کلکٹرس کو مقامی ایجنسیوں کے ساتھ تال میل رکھتے ہوئے مسلسل نگرانی کرنی چاہیے۔ تمام اضلاع کو ہدایت دی گئی کہ وہ خطرات کا وقتاً فوقتاً جائزہ لیں اور فوری اقدامات کو یقینی بنائیں۔
ریونت ریڈی نے زور دیا کہ انسانی جانوں اور املاک کے تحفظ کو اولین ترجیح دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ تمام عہدیدار ہنگامی صورتحال میں کسی تاخیر کے بغیر فوری کارروائی کریں۔
چیف منسٹر نے ڈیزاسٹر ریلیف ٹیموں کو تیار رکھنے اور سینئر قیادت کے ساتھ قریبی رابطے میں رہنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے اضلاع سے ریئل ٹائم اپڈیٹس فراہم کرنے کا بھی حکم دیا تاکہ کسی بھی صورت حال میں بروقت فیصلہ کیا جا سکے۔