Read in English  
       
Rabies

حیدرآباد: محبوب نگرمیں پیر کے روز ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جہاں Rabiesکے خوف سے ایک خاتون نے اپنی تین سالہ بیٹی کا گلا گھونٹ کر قتل کردیا اور بعد میں خودکشی کرلی۔ یہ واقعہ محبوب نگرٹاؤن کے موناپا گٹہ علاقے میں پیش آیا جس سے مقامی آبادی سوگوار ہوگئی۔

پولیس کے مطابق متوفیہ کی شناخت یشودا (36) کے طور پر ہوئی جو اپنے شوہر نریش اور دو بچوں انوراگ اور اکشرا کے ساتھ کوٹہ گنج علاقے میں رہتی تھی۔ مسئلہ اس وقت شروع ہوا جب ان کے گھر کے باہر خشک کئے جارہے مونگ پھلی اور میوہ جات کو آوارہ کتوں نے چاٹ لیا۔ بعد میں گھر والوں نے وہ کھانا استعمال کیا جس کے بعد معمولی صحت کے مسائل سامنے آئے۔

یشودا اس واقعہ کے بعد شدید خوف میں مبتلا ہوگئی کہ ان سب کو ریبیز ہوگیا ہے۔ حالانکہ نریش نے تمام اہل خانہ کو ویکسین دلوائی اور رشتہ داروں کے مشورے پر دیسی علاج بھی کروایا، لیکن یشودا کا خوف بڑھتا ہی گیا۔ شوہر کے بیان کے مطابق وہ انٹرنیٹ پر ریبیز سے متعلق ویڈیوز دیکھنے لگی اور یہاں تک کہ خود کو متاثرہ سمجھ کر دیسی قہوہ بھی پینے لگی۔

صورتحال اس وقت مزید سنگین ہوگئی جب یشودا کو جلدی بیماری لاحق ہوئی جسے اس نے ریبیز کی علامت سمجھ لیا۔ پیر کی صبح جب نریش کام پر گیا تو یشودا نے اپنی تین سالہ بیٹی اکشرا کو گلا گھونٹ کر مار ڈالا اور بعد میں بیڈ روم میں پھانسی لے لی۔

یہ واقعہ اس وقت سامنے آیا جب نریش نے گھر فون کیا اور بڑے بیٹے انوراگ نے بتایا کہ ماں کمرہ نہیں کھول رہی۔ پڑوسی کے پہنچنے پر کمرہ کھولا گیا اور دونوں کی لاشیں برآمد ہوئیں۔

خودکشی سے قبل یشودا نے دیوار پر یہ تحریر کیا کہ نریش اور انوراگ دوا لیتے رہیں اور احتیاط برتیں۔ پولیس نے یشودا کے والد کی شکایت پر مقدمہ درج کرلیا ہے اور لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے منتقل کردیا گیا۔

عہدیداروں نے اس واقعہ کو خوف اور غلط معلومات کی بنیاد پر لئے گئے انتہائی اقدام کی المناک مثال قرار دیا۔