
حیدرآباد: سری اوجینی [en]Mahankali Jathara[/en] (بونال فیسٹیول) کے پیش نظر کمشنر پولیس اور ایڈیشنل ضلع مجسٹریٹ (ایگزیکٹیو) سی وی آنند نے حکم دیا ہے کہ شہر میں تمام تاڈی و شراب کی دکانیں، بشمول ریستوران میں واقع بارز، 13 جولائی صبح 6 بجے سے 15 جولائی صبح 6 بجے تک بند رہیں گی۔ تاہم، اسٹار ہوٹلز اور رجسٹرڈ کلبس میں موجود بارز اس حکم سے مستثنیٰ رہیں گے۔
یہ فیصلہ سکندرآباد میں مہانکالی جاترا کے موقع پر امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے احتیاطی اقدام کے طور پر لیا گیا ہے، جہاں بڑے پیمانے پر عوامی اجتماعات کی توقع ہے۔
یہ بندش حیدرآباد کے نارتھ، ایسٹ اور سنٹرل زون کے مخصوص پولیس اسٹیشن حدود میں نافذ العمل رہے گی۔
سنٹرل زون میں یہ حکم گاندھی نگر پولیس حدود پر لاگو ہوگا۔
ایسٹ زون میں چکل گوڑہ، لال گوڑہ اور وارس گوڑہ شامل ہیں۔
نارتھ زون میں بیگم پیٹ، گوپال پورم، توکارام گیٹ، ماریڈ پلی، مہانکالی، رام گوپال پیٹ، اور مارکیٹ پولیس حدود شامل ہوں گے۔
پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ مذہبی تہوار کے دوران تعاون کریں تاکہ تہذیب، امن اور بھائی چارہ برقرار رہے۔