
حیدرآباد: تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے درمیان Krishna Waterکے مسئلے پر ایک بار پھر کشیدگی بڑھ گئی ہے، کیونکہ آندھرا پردیش نے مبینہ طور پر کرشنا کا پانی ناگرجنا ساگر اور پوتھی ریڈی پادُو سے کرشنا ریور مینجمنٹ بورڈ (کے آر ایم بی) کی منظوری کے بغیر نکالنا شروع کر دیا ہے۔ اس پر تلنگانہ کے آبپاشی حکام نے شدید اعتراض کرتے ہوئے باقاعدہ شکایت درج کی ہے۔
تلنگانہ کے حکام کا کہنا ہے کہ حالیہ سیلابی پانی کے باوجود آندھرا پردیش نے سری سیلم سے رائلسیمہ کو پانی منتقل کرنے کے لیے پوتھی ریڈی پادُو کے ذریعے غیر مجاز طریقے سے پانی نکالنا شروع کیا ہے۔ جمعرات تک، آندھرا پردیش نے پوتھی ریڈی پادُو سے پانی کے اخراج کو 20,000 کیوسک سے بڑھا کر 24,400 کیوسک کر دیا۔ ساتھ ہی ناگرجنا ساگر کے دائیں کنال گیٹس کو بھی کھول دیا گیا، جن سے ابتدائی طور پر 500 کیوسک پانی جاری کیا گیا اور منصوبہ ہے کہ اسے 5,000 کیوسک تک بڑھایا جائے۔
تلنگانہ کے آبپاشی حکام نے کے آر ایم بی کو فوری مداخلت کی درخواست کے ساتھ تحریری شکایت دی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اے پی تنظیم نو ایکٹ کے تحت سری سیلم آندھرا پردیش کے انتظام میں ہے جبکہ ناگرجنا ساگر تلنگانہ کے دائرہ اختیار میں آتا ہے۔ حکام کا الزام ہے کہ آندھرا پردیش نے زبردستی ساگر کے دائیں کنارے پر واقع گیٹ نمبر 13 تک قبضہ کر کے کنال گیٹس کو یکطرفہ طور پر چلا رہا ہے۔
حکام نے فروری میں پیش آئے ایک جیسے واقعے کا حوالہ دیا، جب آندھرا پردیش نے ساگر میں پانی مردہ ذخیرے کی سطح تک پہنچنے کے باوجود نکالنا جاری رکھا تھا۔ تلنگانہ کا الزام ہے کہ اب بھی آندھرا پردیش ساگر مکمل بھرنے سے قبل بورڈ کو مطلع کیے بغیر پانی نکال رہا ہے۔
اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے، تلنگانہ کے پراجیکٹ حکام نے کے آر ایم بی کو خط لکھ کر ناگرجنا ساگر ڈیم پر مستقل نگرانی کے لیے گیلیری اور ڈیم ٹاپ تک رسائی کی درخواست کی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ دائیں ہیڈ ریگولیٹر اور گیٹ نمبر 13 تک کا انتظام تلنگانہ کو باضابطہ طور پر سونپا جائے۔
مرکز نے قبل ازیں سی آر پی ایف کو ہدایت دی تھی کہ بورڈ کی اجازت کے بغیر کسی کو ڈیم سائٹ تک رسائی نہ دی جائے۔ تلنگانہ نے کہا کہ ہر شفٹ کے لیے علیحدہ اجازت لینا عملی طور پر مشکل ہے، اس لیے ایک بہتر اور آسان نظام متعارف کیا جانا چاہیے۔
تلنگانہ حکام نے یہ بھی کہا کہ جب تک ناگرجنا ساگر اور پُلی چندلا جیسے منصوبے مکمل طور پر نہ بھر جائیں، تب تک رائلسیمہ جیسے بیرونی بیسن کو Krishna Water کی منتقلی باچاوَت ٹریبونل ایوارڈ کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کے آر ایم بی سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر ان انحرافات کو روکا جائے اور مقررہ ضوابط پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔