Read in English  
       
Kaleshwaram

حیدرآباد: تلنگانہ ہائی کورٹ نے جمعہ کے روز ریاستی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا کہ اس نے Kaleshwaramلفٹ ایریگیشن پراجکٹ پر جسٹس پی سی گھوش کمیشن کی رپورٹ کے حصے اسمبلی میں پیش کرنے سے قبل عام کردیے، جسے عدالت نے غیر موزوں اور ضرورت سے زیادہ جوش دکھانے کے مترادف قرار دیا۔

چیف جسٹس اپریش کمار سنگھ اور جسٹس جی ایم محی الدین پر مشتمل ڈویژن بنچ نے بی آر ایس صدر کے چندر شیکھر راؤ اور سابق وزیر آبپاشی ٹی ہریش راؤ کی طرف سے داخل کردہ عرضیوں کی سماعت کرتے ہوئے حکومت کو حکم دیا کہ رپورٹ کے 60 صفحات پر مشتمل اقتباسات تمام عوامی پلیٹ فارمز سے فوری طور پر ہٹائے جائیں۔

بینچ نے اس بات پر سوال اٹھایا کہ وزیراعلیٰ اے ریونت ریڈی نے اسمبلی میں رپورٹ پیش ہونے سے پہلے پریس کانفرنس میں اس کو عوام کے سامنے کیوں رکھا۔ تاہم عدالت نے عرضی گزاروں کی جانب سے رپورٹ کو معطل کرنے کی درخواست منظور کرنے سے انکار کردیا۔

ایڈووکیٹ جنرل نے عدالت کو یقین دلایا کہ مکمل رپورٹ اسمبلی میں پیش کی جائے گی اور اس پر کوئی بھی کارروائی صرف مباحثے کے بعد ہی عمل میں لائی جائے گی۔ عدالت نے کہا کہ عرضی گزاروں کے فوری کارروائی کے خدشات بے بنیاد ہیں۔

عدالت نے اس بات پر بھی سنگین اعتراض ظاہر کیا کہ کمیشن نے الزامات عائد کرتے وقت کمیشن آف انکوائری ایکٹ 1952 کی دفعات 8B اور 9C کے تحت نوٹس جاری نہیں کیے، جن کے تحت زیر تفتیش افراد کو صفائی کا منصفانہ موقع فراہم کرنا لازمی ہے۔

ریاستی حکومت کو چار ہفتوں کے اندر اپنا جواب داخل کرنے کی ہدایت دی گئی جبکہ عرضی گزاروں کو ایک ہفتہ بعد جواب داخل کرنے کی اجازت دی گئی۔ مقدمے کی مزید سماعت فریقین کی جواب دہی مکمل ہونے کے بعد ہوگی۔