Read in English  
       
Farmers Suicide

حیدرآباد: سدی پیٹ اور راجنا سرسلہ اضلاع سے تعلق رکھنے والے دو کسانوں نے زرعی قرضہ ادا نہ کر پانے کے سبب خودکشی کرلی۔ پولیس نے منگل کے روز اس کی تصدیق کی۔

سدی پیٹ ضلع کے دھرمجی پیٹ گاؤں کے رہنے والے 36 سالہ دیویتی کنک راجو نے 21 اگست کو اپنے مکان میں زہر پی لیاFarmers Suicide۔ پولیس کے مطابق اس نے ایک ایکڑ زمین پر فصل کی کاشت کے لئے 5 لاکھ روپئے سے زیادہ قرضہ لیا تھا لیکن بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔ قرضہ ادا نہ کر پانے کی وجہ سے وہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہوگیا۔

اہل خانہ نے اسے ایلارڈی پیٹ کے ایک خانگی اسپتال میں داخل کیا لیکن منگل کی صبح دوران علاج اس کی موت واقع ہوگئی۔ پولیس نے اس کی اہلیہ لاونیا کی شکایت پر کیس درج کرلیا ہے۔

اسی دن راجنا سرسلہ ضلع کے گاجا سنگاورم گاؤں کے 36 سالہ کسان ستیش نے کھیت میں ہی زہر پی لیا۔ اس کے پاس دو ایکڑ اراضی تھی اور اس نے دھان کی کاشت کے لئے بورویل کھدوانے کی غرض سے قرضہ لیا تھا لیکن پانی نہ نکلنے کی وجہ سے زمین بنجر ہوگئی۔ بعد ازاں اس نے متبادل آمدنی کے لئے قرض پر ہارویسٹر خریدا لیکن کام نہ ملنے کے سبب وہ بھی قرض ادا نہ کرسکا۔

اہل خانہ نے اسے اسپتال منتقل کیا تاہم وہ دوران علاج منگل کے روز فوت ہوگیا۔ پولیس نے اس معاملے میں بھی کیس درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔