
حیدرآباد: آدھار ٹیکنالوجی نے جولائی میں Face Authenticationسروس کے ریکارڈ استعمال کے ساتھ ایک نیا سنگ میل عبور کیا ہے۔ یونیک آئیڈینٹی فکیشن اتھارٹی آف انڈیا کے مطابق، اس ماہ کے دوران 193.6 ملین ٹرانزیکشنز ریکارڈ کی گئیں، جو اس فیچر کے آغاز کے بعد سے سب سے زیادہ ہیں۔
گزشتہ سال جولائی میں صرف 57.7 ملین ٹرانزیکشنز درج ہوئی تھیں، اس لحاظ سے حجم تین گنا سے زیادہ بڑھ گیا ہے۔ یہ تعداد جون کے مقابلے میں 22 فیصد زیادہ ہے۔ صرف یکم جولائی کو 12.2 ملین فیس آتھنٹیکیشن ٹرانزیکشنز مکمل کی گئیں، جو 1 مارچ کے سابقہ یومیہ ریکارڈ 10.7 ملین سے زیادہ ہیں۔
ملک بھر میں 150 سے زائد ادارے، جن میں مرکزی و ریاستی سرکاری محکمے، بینک، مالیاتی ادارے، آئل مارکیٹنگ کمپنیاں اور ٹیلی کام آپریٹرز شامل ہیں، آدھار فیس آتھنٹیکیشن استعمال کر رہے ہیں۔ مصنوعی ذہانت سے چلنے والا یہ نظام تیز اور محفوظ سروس فراہم کرنے میں مدد دیتا ہے۔
یہ ٹیکنالوجی فلاحی پروگراموں کے مستفیدین کی تصدیق میں نہایت اہم ثابت ہوئی ہے۔ نیشنل سوشیل اسسٹنس پروگرام کے تحت جولائی میں 1.366 ملین پنشنرز نے اپنی شناخت کی تصدیق کے لیے اس سہولت کا استعمال کیا۔ یہ سروس 850 میڈیکل کالجز میں حاضری کے اندراج اور اسٹاف سلیکشن کمیشن و ریلوے ریکروٹمنٹ بورڈ جیسے اداروں میں امیدواروں کی تصدیق کے لیے بھی استعمال کی جا رہی ہے۔
فیس آتھنٹیکیشن کے علاوہ، آدھار کے کل آتھنٹیکیشن ٹرانزیکشنز—جن میں فنگر پرنٹ اور آئی رس اسکین شامل ہیں—جولائی میں 2.21 بلین تک پہنچ گئے، جبکہ آدھار ای-کے وائی سی ٹرانزیکشنز 395.6 ملین ریکارڈ کیے گئے۔ یو آئی ڈی اے آئی نے کہا کہ یہ اعداد و شمار حکومتی خدمات اور فلاحی تقسیم میں آدھار کے بڑھتے ہوئے کردار کو ظاہر کرتے ہیں۔