
حیدرآباد: اوپن اے آئی نے منگل کے روز بھارت میں اپنا پہلا ملک مخصوص سبسکرپشن پلان ChatGPT Go کے نام سے متعارف کروایا، جس کی قیمت 399 روپئے ماہانہ رکھی گئی ہے۔ کمپنی کے مطابق یہ سروس بتدریج متعارف کرائی جائے گی اور اس میں مقامی ادائیگی کے طریقے، بشمول یو پی آئی، شامل ہوں گے۔ اوپن اے آئی نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ آئندہ دنوں میں اس سبسکرپشن کو دیگر ممالک تک وسعت دی جائے گی۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ نیا پلان جدید مصنوعی ذہانت کے اوزار زیادہ سستے اور قابل رسائی بنانے کے مقصد سے متعارف کروایا گیا ہے۔ اس سبسکرپشن میں مفت ورژن کے مقابلے میں دس گنا زیادہ سہولتیں دی گئی ہیں جن میں GPT-5 کے ساتھ روزانہ زیادہ پیغامات بھیجنے، اضافی تصاویر تخلیق کرنے اور مزید فائلیں اپ لوڈ کرنے کی سہولت شامل ہے۔ اس کے علاوہ صارفین کو ذاتی نوعیت کے جوابات کے لیے دوگنی میموری بھی فراہم کی جائے گی۔
اوپن اے آئی کا کہنا ہے کہ ChatGPT Go کو مکمل طور پر GPT-5 پر تیار کیا گیا ہے اور یہ بھارتی زبانوں کو بھی سپورٹ کرتا ہے۔ یہ پلان موجودہ سبسکرپشنز کے ساتھ رکھا گیا ہے جن میں ChatGPT Plus شامل ہے جس کی قیمت 1,999 روپئے ماہانہ ہے اور اس میں ترجیحی رسائی و اعلیٰ کارکردگی فراہم کی جاتی ہے، جبکہ ChatGPT Pro کی قیمت 19,900 روپئے ماہانہ ہے جو پیشہ ور افراد اور بڑی کمپنیوں کے لیے خصوصی فیچرز اور GPT-5 Pro فراہم کرتا ہے۔
اوپن اے آئی کے نائب صدر اور چیٹ جی پی ٹی کے سربراہ نک ٹرلی نے کہا کہ لاکھوں بھارتی صارفین پہلے ہی اس پلیٹ فارم پر تعلیم، تخلیق اور کام کے لیے انحصار کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق ChatGPT Go ان سہولتوں کو مزید قابل رسائی بناتا ہے اور یو پی آئی کے ذریعے ادائیگی کا آسان طریقہ فراہم کرتا ہے۔
بھارت ChatGPT کا دوسرا سب سے بڑا اور تیزی سے بڑھتا ہوا بازار ہے۔ کمپنی کے اعداد و شمار کے مطابق عالمی سطح پر فی انسٹال ریونیو میں ChatGPT اپنے حریفوں سے آگے ہے، جس کا اوسط 2.91 ڈالر ہے۔ اس کے مقابلے میں انتھراپک کا Claude 2.55 ڈالر، ایلون مسک کا Grok 0.75 ڈالر اور مائیکروسافٹ کا Copilot ایپ 0.27 ڈالر فی انسٹال ریونیو حاصل کر رہے ہیں۔
کمپنی نے مزید وضاحت کی کہ GPT-5 تمام صارفین کے لیے دستیاب ہے، جبکہ پلس صارفین کو زیادہ استعمال کی سہولت دی جاتی ہے اور پرو سبسکرائبرز GPT-5 Pro تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں، جو زیادہ پیچیدہ سوالات اور تفصیلی جوابات کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔