Read in English  
       
Disqualification Notices

حیدرآباد: تلنگانہ اسمبلی کے اسپیکر گڈم پرساد کمار نے بی آر ایس کے 10 ارکان اسمبلی کو نااہلی کے نوٹس جاری کیے ہیں جن پر الزام ہے کہ وہ کانگریس پارٹی میں شامل ہوگئے ہیں۔ یہ کارروائی سپریم کورٹ کے اس حکم کے بعد سامنے آئی جس میں اسپیکر کو تین ماہ کے اندر التوا میں پڑی ہوئی انسدادِ انحراف درخواستوں کو نمٹانے کی ہدایت دی گئی تھی۔

25 جولائی کو سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ اسپیکر اس معاملے کو فوری طور پر آگے بڑھائیں اور تاخیر کے بغیر فیصلہ سنائیں۔ اس کے بعد اسپیکر پرساد کمار نے ایڈوکیٹ جنرل اور سینئر وکلاء سے مشاورت کی اور نوٹس جاری کرنے کا قدم اٹھایا۔

جن سابق BRS MLAsکو نوٹس بھیجے گئے ہیں ان میں کڈیم سری ہری، ڈی ناگیندر، پوچارم سرینواس ریڈی، سنجے کمار، تیلم وینکٹ راؤ، آریکاپوڈی گاندھی، کالی یادیاہ، پرکاش گوڑ، کرشنا موہن ریڈی اور مہیپال ریڈی شامل ہیں۔

بی آر ایس نے ان ارکان کی نااہلی کے لیے دسویں شیڈول کے تحت درخواست دی تھی اور الزام عائد کیا تھا کہ انہوں نے انسدادِ انحراف قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کانگریس میں شمولیت اختیار کی ہے۔ تاہم بعض ارکان اسمبلی نے اس الزام کی تردید کی اور کہا کہ وہ بدستور بی آر ایس کے ساتھ ہیں۔

اسپیکر پرساد کمار کا یہ اقدام آئینی دفعات کے نفاذ کی سمت ایک اہم قدم سمجھا جا رہا ہے۔ اب اسپیکر ان ارکان اسمبلی کے جوابات کا جائزہ لینے کے بعد حتمی فیصلہ سنائیں گے، جو بی آر ایس اور کانگریس دونوں کے لیے ایوان میں بڑی سیاسی اہمیت کا حامل ہوگا۔