
حیدرآباد: بی جے پی ریاستی صدر RamChander Raoنے کانگریس لیڈر راہول گاندھی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ جو کچھ بھی بولتے ہیں وہ جھوٹ پر مبنی ہوتا ہے۔ جمعرات کی شام چیوڑلا میں پارٹی کے “پلّے پلّے کو بی جے پی” پروگرام کا آغاز کرتے ہوئے رام چندر راؤ نے الزام لگایا کہ کانگریس عوام کو گمراہ کر رہی ہے اور علاقے میں ترقی دینے میں ناکام رہی ہے۔ اس سے قبل انہوں نے سری لکشمی وینکٹیشورا سوامی مندر میں پوجا کی اور کسانوں سے ملاقات کے بعد خانہ پور گیٹ کے قریب سری نیواس کلاینا منڈپم میں یوتھ کنونشن سے خطاب کیا۔
رام چندر راؤ نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ بڑی تعداد میں بی جے پی میں شامل ہوں اور ضرورت پڑنے پر تحریکوں کی قیادت کے لئے تیار رہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ چیوڑلا ابھی تک “خاندانی راج” کے زیر اثر ہے اور یہاں حقیقی ترقی نظر نہیں آتی۔
بی جے پی صدر نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کی اسکیموں سے روزگار کے مواقع پیدا ہورہے ہیں، مگر تلنگانہ میں کانگریس حکومت نوجوانوں کو دھوکہ دے رہی ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ سیاسی تبدیلی کا آغاز چیوڑلا سے ہونا چاہئے اور پارٹی کارکنوں کو ہدایت دی کہ آئندہ ایم پی ٹی سی اور زیڈ پی ٹی سی انتخابات میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے ضلع زیلا پریشد چیرمین کا عہدہ بی جے پی کو دلائیں۔
اس موقع پر سابق بی آر ایس لیڈر شنکر گوڑ کی قیادت میں بڑی تعداد میں نوجوان بی جے پی میں شامل ہوئے جنہیں پارٹی کے کھنڈوے پہنا کر خیرمقدم کیا گیا۔ اس پروگرام میں سابق رکن اسمبلی کے ایس رتنم، ضلع صدر راج بھوپال گوڑ، نرسمہا ریڈی، اجئے سری رام، انجن گوڑ، وینکٹ ریڈی، گیانیشور، وجے لکشمی رمناریڈی، آنند ریڈی، سری کانت، ڈاکٹر ویبھو ریڈی، کرشنا موہن اور شنکر گوڑ کے علاوہ دیگر قائدین شریک ہوئے۔