
حیدرآباد: تلنگانہ اینٹی کرپشن بیورو ACBکے عہدیداروں نے منگل کے روز سدی پیٹ ضلع میں منریگا اسکیم کے انجینئرنگ کنسلٹنٹ بنداکندی پرشورامولو کو 11,500 روپئے کی رشوت قبول کرنے کے الزام میں گرفتار کیا۔
عہدیداروں کے مطابق گرفتاری سہ پہر 2:20 بجے مڈور منڈل کے ایم پی ڈی او دفتر میں عمل میں آئی۔ بتایا گیا کہ پرشورامولو نے ایک شکایت گزار سے منریگا چیک پیمائش کی تصدیق اور بل کی منظوری کے لئے فائلیں آگے بڑھانے کے عوض رشوت طلب کی تھی۔
اینٹی کرپشن بیورو ٹیم نے ملزم کے قبضے سے رشوت کی پوری رقم برآمد کر لی۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس نے اپنے عہدے کا غلط استعمال کرتے ہوئے ناجائز فائدہ حاصل کرنے کی کوشش کی۔
عہدیداروں نے اسے گرفتار کر کے نامپلی، حیدرآباد میں اے سی بی مقدمات کے لئے قائم ایڈیشنل اسپیشل جج کے روبرو پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تحقیقات جاری ہیں۔