Read in English  
       
IMD

حیدرآباد: انڈین میٹرولوجیکل ڈپارٹمنٹ IMDنے پیر کے روز تلنگانہ کے لئے ریڈ الرٹ جاری کرتے ہوئے اگلے تین دنوں کے دوران شدید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔ خلیج بنگال میں ہوا کے دباؤ کے باعث ریاست میں پچھلے دس دن سے مسلسل بارش ہورہی ہے۔

ریڈ الرٹ بھدرادری کوتہ گوڑم، ہنمکنڈہ، محبوب آباد، ملگُ اور ورنگل کے لئے جاری کیا گیا ہے۔ محکمہ نے عوام کو چوکس رہنے اور نچلی بستیوں میں رہنے والوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کا مشورہ دیا ہے۔

دوسری طرف کھمم، کُمرم بھیم آصف آباد، منچریال، پداپلی، سدی پیٹ، عادل آباد، جنگاؤں، جیا شنکر بھوپال پلی اور سوریہ پیٹ اضلاع کے لئے اورینج الرٹ جاری کیا گیا ہے جہاں شدید سے بہت شدید بارش کے امکانات ہیں۔ اس کے علاوہ میدک، نرمَل، نظام آباد، راجنا سرسیلہ، سنگاریڈی، وقارباد، جگتیال، کاماریڈی ، کریم نگر اور یادادری بھونگیری میں بکھری ہوئی بارش ہوسکتی ہے۔

حیدرآباد میں اتوار کی شام سے شروع ہونے والی موسلا دھار بارش نے بنجارہ ہلز، جوبلی ہلز، خیرت آباد، بیگم پیٹ اور پنجہ گٹہ میں پانی جمع ہونے کی صورتحال پیدا کردی۔ کئی نچلے علاقے زیرِ آب آگئے اور اہم سڑکیں بند ہوگئیں جس کی وجہ سے شدید ٹریفک جام ہوگیا۔

اگرچہ تعطیل تھی، لیکن ٹریفک جام میں کوئی کمی نہ آئی۔ کئی دو پہیہ گاڑیاں پانی میں پھنس گئیں۔ تیز ہواؤں کے باعث کئی علاقوں میں بجلی منقطع ہوگئی جبکہ خراب اسٹریٹ لائٹس نے رات کے سفر کو مزید مشکل بنا دیا۔

بحران کے جواب میں جی ایچ ایم سی اور ایس ڈی آر ایف ٹیموں نے ریلیف اور ٹریفک مینجمنٹ کے اقدامات شروع کردیئے۔ نالوں کی صفائی، پانی نکالنے اور پھنسے ہوئے مسافروں کی مدد کی گئی۔ ریاستی حکومت نے تمام ضلع انتظامیہ کو ہائی الرٹ پر رہنے اور ہنگامی اقدامات تیز کرنے کی ہدایت دی ہے۔