
حیدرآباد: سابق وزیراعلیٰ تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ (کے سی آر) کی حالت [en]KCR Stable[/en] ہے اور وہ سوماجی گوڑہ کے یشودہ اسپتال میں ڈاکٹروں کی قریبی نگرانی میں ہیں۔ انہیں جمعرات کی شام تھکن اور کمزوری کی شکایت پر داخل کیا گیا تھا۔
اسپتال کی جانب سے جاری کردہ ہیلتھ بلیٹن کے مطابق ابتدائی جانچ میں کے سی آر کا بلڈ شوگر لیول بلند اور سوڈیم کی سطح کم پائی گئی ہے، جبکہ دیگر اہم علامات معمول کے مطابق ہیں۔
سینئر کنسلٹنٹ فزیشن ڈاکٹر ایم وی راؤ نے بتایا کہ ذیابیطس کو کنٹرول کرنے اور سوڈیم کی کمی کو درست کرنے کے لیے دواؤں کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اسپتال نے تصدیق کی کہ کے سی آر کی حالت مستحکم ہے اور انہیں 24 گھنٹے مانیٹر کیا جا رہا ہے۔
بی آر ایس سربراہ کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے وزیراعلیٰ ریونت ریڈی نے ڈاکٹروں اور اسپتال انتظامیہ سے تفصیلی بات چیت کی۔ انہوں نے کے سی آر کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے بہترین علاج یقینی بنانے کی ہدایت دی۔