
حیدرآباد: ورنگل کی مشہور ادیبہ اور ’ادب کی رودرما‘ کے لقب سے معروف Anishetty Rajithaپیر کی شب دل کا دورہ پڑنے سے 67 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔ شاعرہ، مصنفہ، ایڈیٹر اور سماجی کارکن کے طور پر ان کا طویل کیریئر تلنگانہ کی شناخت اور خواتین کے بااختیار بنانے کے لیے مسلسل جدوجہد سے عبارت تھا۔
راجیتا کی سیاسی شمولیت 1969 کی تلنگانہ تحریک کے دوران محض 11 سال کی عمر میں شروع ہوئی۔ عوامی شاعر کالوجی نرائن راؤ اور ماہر تعلیم و کارکن کوتہ پلّی جے شَنکر سے متاثر ہو کر انہوں نے تلنگانہ کی ثقافت اور حقوق پر ہر حملے کا جواب اپنی تحریروں سے دیا۔
ان کا ادبی سفر 1973 میں مجموعہ کلام ’’چیتنیَم پڈاگلیتھندی‘‘ سے شروع ہوا اور بغیر رکے جاری رہا۔ وہ تلنگانہ کی زبان اور ثقافت کا مذاق اڑانے والوں کا کھل کر مقابلہ کرتیں اور مشہور جملہ کہا کرتی تھیں کہ جو بھی تلنگانہ کو ذیلی خطہ کہے گا اسے ’’نمک لگا دیا جائے گا‘‘۔ نسوانی مصنفہ کی حیثیت سے وہ مارکیٹ قوتوں کے تحت عورت کی تجارت کی سخت مخالف تھیں۔
2017 میں کے چندر شیکھر راؤ حکومت نے انہیں ادب کے لیے ’’وشِشٹ مہیلا پرسکارم‘‘ سے نوازا۔ اسی سال منعقدہ ورلڈ تلگو کانفرنس کی تنظیمی کمیٹی میں بھی وہ شامل رہیں۔ پوٹی سری راملو تلگو یونیورسٹی نے انہیں ’’پرتیبھا پرسکارم‘‘ سے سرفراز کیا۔ ان کی ناگہانی موت کی خبر پر ادبی دنیا کے شعرا اور مصنفین کی جانب سے گہرے افسوس اور تعزیت کے پیغامات موصول ہوئے۔