
حیدرآباد: چادرگھاٹ کے قریب ایک 32 سالہ یومیہ مزدور Musi Riverمیں چھلانگ لگانے کے بعد سے لاپتہ ہے۔ یہ واقعہ جمعرات کی شام پیش آیا۔
پولیس کے مطابق لاپتہ شخص کی شناخت محمد سلیم کی حیثیت سے ہوئی جو شنکر نگر کا رہائشی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ وہ شراب کے نشے میں تھا اور اس نے اعلان کیا کہ وہ ندی کو تیر کر پار کرے گا۔ اس کے بعد اس نے شنکر نگر کے ہنومان مندر کے قریب ندی میں چھلانگ لگا دی۔
ندی میں اس وقت شدید بہاو جاری تھا اور جس مقام پر اس نے چھلانگ لگائی وہاں گہرا پانی تھا۔ سلیم تیز بہاؤ کی نذر ہو گیا۔ مقامی افراد نے فوری طور پر چادرگھاٹ پولیس کو اطلاع دی۔ انسپکٹر برہما موری اپنے عملے اور ڈیزاسٹر ریسپانس فورس کے ساتھ موقع پر پہنچے اور تلاش شروع کی۔
شدید کوششوں کے باوجود پولیس اور ڈیزاسٹر ریسپانس فورس کو رات گئے تک سلیم کی نعش نہیں مل سکی۔ حکام کا کہنا ہے کہ تیز بہاؤ ممکنہ طور پر اسے نیچے کی طرف بہا لے گیا۔