حیدرآباد: 4 اگست کو وزیراعلیٰ ریونت ریڈی کی صدارت میں Telangana Cabinetکا اہم اجلاس منعقد ہوگا، جس میں کالیشورم لفٹ ایریگیشن پروجیکٹ میں بے قاعدگیوں سے متعلق جسٹس پی سی گھوش کمیشن کی رپورٹ کا جائزہ لیا جائے گا۔
حکومت نے رپورٹ کے مطالعے کے لیے اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی ہے جس میں آبپاشی، عمومی انتظامیہ اور قانون محکموں کے سیکریٹریز شامل ہیں۔ یہ کمیٹی رپورٹ کا تجزیہ کر کے کابینہ کو آئندہ لائحہ عمل پر مشورہ دے گی۔
ذرائع کے مطابق اگر رپورٹ میں مالی یا انتظامی بے ضابطگیاں ثابت ہوئیں تو حکومت ممکنہ کارروائی پر فیصلہ کرے گی۔ اجلاس میں آئندہ اسمبلی سیشن کی تاریخوں کو بھی حتمی شکل دیے جانے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ کالیشورم لفٹ ایریگیشن اسکیم ریاست کے سب سے مہنگے منصوبوں میں سے ایک ہے، اور کمیشن کو اس میں مبینہ بے ضابطگیوں کی تحقیقات کے لیے مقرر کیا گیا تھا۔ حکومت کا حتمی فیصلہ کمیٹی کی تجزیاتی رپورٹ موصول ہونے کے بعد متوقع ہے۔




























































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































