حیدرآباد: اسپیشل آپریشنز ٹیم (SOT) ملکاجگیری زون اور چیرلاپلی پولیس نے جمعرات کو ایک شخص کو Illegal Firearmsرکھنے کے الزام میں گرفتار کرلیا اور اس کے قبضے سے تین دیسی بندوقیں اور 10 کارتوس برآمد کیے۔
پولیس کے مطابق، گرفتار شخص 32 سالہ شیو کمار، بہار کے رہائشی اور پکت نگر کالونی، پڈا چیرلاپلی میں مقیم ہے۔ اسے دوپہر 12:15 بجے چیرلاپلی ریلوے اسٹیشن کے قریب پکڑا گیا۔ مقدمہ نمبر 288/2025 کے تحت اس پر آرمز ایکٹ کی دفعات 25(1)(A) اور 25(1)(B)(a) کے تحت کیس درج کیا گیا۔ اس کا مبینہ سپلائر اور بہنوئی، 28 سالہ کرشنا پاسوان (آرہ، بہار کا رہائشی) فرار ہے۔
تحقیقات سے پتہ چلا کہ شیو کمار نے میٹرک تک تعلیم حاصل کی اور 2014 میں سونی دیوی سے شادی کی۔ وہ گجرات کی کپڑے کی فیکٹری میں ملازم رہا، پھر 2022 میں حیدرآباد آکر میڈی پلی کے سریکارا فرٹیلائزر میں ہمّالی کے طور پر کام کرنے لگا۔ اس کے خلاف منشیات سے بھرے چاکلیٹس رکھنے کے الزام میں NDPS ایکٹ کے تحت کیس نمبر 52/2025 بھی درج ہے۔
رواں ماہ 6 اگست کو رکشا بندھن کے لیے بہار جانے پر اس نے اپنے بہنوئی کے ساتھ اسلحہ تیار کرنے اور حیدرآباد میں فروخت کرنے کا منصوبہ بنایا۔ وہاں سے اس نے اسلحہ اور کارتوس لاکر تلنگانہ میں مجرمانہ عناصر کو فروخت کرنے کی کوشش کی۔
برآمد شدہ سامان میں تین دیسی بندوقیں، 10 زندہ کارتوس اور ایک موبائل فون شامل ہیں۔ راچہ کنڈہ پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ غیر قانونی اسلحہ رکھنے یا خرید و فروخت کی کسی بھی اطلاع فوراً پولیس کو دیں۔
یہ کارروائی کمشنر پولیس جی. سدھیر بابو، آئی پی ایس کی نگرانی اور ڈی سی پی ملکاجگیری پدمجا، آئی پی ایس، ڈی سی پی SOT-I اے. رمنا ریڈی، ایڈیشنل ڈی سی پی SOT-I این. نرسمہا ریڈی، اے سی پی SOT-I سی. انجیّا، اور انسپکٹرز جی. جناياہ (SOT) و اے. سدھاکر (چیرلاپلی) کی رہنمائی میں انجام دی گئی۔

























































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































