حیدرآباد: خواتین کو ہراساں کرنے اور عوامی بدسلوکی کے خلاف Cyberabad She Teams نے کارروائی کرتے ہوئے 6 دنوں میں 47 افراد کو حراست میں لیا۔ یہ کارروائیاں 28 جولائی سے 2 اگست کے درمیان کی گئیں، جن کی نگرانی ڈپٹی کمشنر آف پولیس شروجنہ کرنم کر رہی تھیں۔
ڈی سی پی نے بتایا کہ اس دوران 96 ڈیکائے آپریشنز انجام دیے گئے، جن میں اُن عوامی مقامات کو نشانہ بنایا گیا جہاں خواتین اور لڑکیوں کی جانب سے ہراسانی کی شکایات موصول ہوئی تھیں۔ حکام کو اس عرصے میں ایسے 22 مخصوص شکایتی کیسز ملے جن میں کھلے مقامات پر نامناسب رویہ اختیار کیا گیا تھا۔
عوامی تحفظ کے ساتھ ساتھ گھریلو مسائل کے حل کے لیے بھی اقدامات کیے گئے۔ فیملی کاؤنسلنگ سینٹر نے 24 گھریلو جھگڑوں کے کیسز میں مداخلت کی، جن میں میاں بیوی کو باہمی افہام و تفہیم سے مسئلہ حل کرنے میں مدد دی گئی۔
سروجنا کرنم نے مزید بتایا کہ خواتین اور بچوں کی حفاظت کے لیے ویمن اینڈ چائلڈ سیفٹی وِنگ مسلسل سرگرم ہے، جو نہ صرف گھریلو سطح پر بلکہ عوامی مقامات پر بھی پیش آنے والے مسائل پر توجہ دے رہا ہے۔
اسی سلسلے میں، کمشنریٹ کی حدود میں پہلی بار “سورکشا کوَوچ” نامی نئی پہل شروع کی گئی ہے، جس کا مقصد جسمانی تحفظ، سائبر شعور، ذہنی دباؤ سے نمٹنے اور انفراسٹرکچر سے متعلق خطرات پر آگاہی فراہم کرنا ہے۔ اسکول طلبہ کو ماہرین کی رہنمائی میں تربیت دی گئی۔
اس کے علاوہ اسکول بس ڈرائیورز کے لیے روڈ سیفٹی سیشنز بھی منعقد کیے گئے تاکہ وہ محتاط رہ کر محفوظ طریقے سے بس چلائیں۔












































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































