حیدرآباد: تلنگانہ حکومت نے مرکز سے درخواست کی ہے کہ وہ سابق بی آر ایس حکومت کے دور میں منظور شدہ 16,000 کروڑ روپئے کے Telangana irrigation Loansپر شرح سود میں کمی کرے۔ یہ مطالبہ ریاستی وزیر آبپاشی اُتم کمار ریڈی نے دہلی میں رورل الیکٹریفکیشن کارپوریشن (REC) کے صدر نشین جتیندر سریواستو سے ملاقات کے دوران کیا۔
ریاستی حکومت نے ان قرضوں پر شرح سود کم کرنے اور ادائیگی کی مدت میں توسیع کی اپیل کی ہے، کیونکہ سابق حکومت نے جن شرائط پر قرض لیے تھے وہ بلند شرح سود اور مختصر مدت پر مشتمل تھے، جن سے موجودہ ادائیگیاں ناقابل برداشت ہو چکی ہیں۔
اُتم کمار ریڈی نے بیان میں کہا کہ اگر قرضوں پر سود کی شرح میں کمی کی جائے اور ادائیگی کی مدت کو نرم کیا جائے تو اس سے ریاست کو مالی وسائل کو مؤثر انداز میں استعمال کرنے کا موقع ملے گا، اور پیچیدہ آبپاشی پراجیکٹس کی تکمیل کو بھی تیز کیا جا سکتا ہے، جس سے کسانوں کو بہتر سہولت حاصل ہو گی۔
REC کے صدر نشین جتیندر سریواستو اور دیگر اعلیٰ عہدیداروں نے وزیر کی اس تجویز پر مثبت ردعمل ظاہر کیا اور یقین دہانی کرائی کہ اس پر غور کیا جائے گا۔
اس ملاقات میں وزیر کے ہمراہ تلنگانہ کے اسپیشل چیف سکریٹری (فائنانس) سندیپ کمار سلطانیہ بھی موجود تھے۔
















































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































