حیدرآباد: تلنگانہ کے وزیراعلیٰ ریونت ریڈی نے ہفتہ کے روز کہا کہ خواتین اور بچوں [en]Women and Children[/en]کے حقوق و وقار کے تحفظ کے لیے مربوط کوششیں ناگزیر ہیں، اور انصاف کو صرف عدالت تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ ہر سطح پر محسوس ہونا چاہیے۔
وہ حیدرآباد میں ایم سی آر ایچ آر ڈی ادارے میں منعقدہ 2025 ریاستی سطح کے اسٹیک ہولڈرز مشاورتی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے، جس کا موضوع تھا ’’بے آوازوں کی آواز‘‘۔ اجلاس میں سپریم کورٹ کے جج جسٹس سوریہ کانت، ہائی کورٹ آف تلنگانہ کے قائم مقام چیف جسٹس جسٹس سوجے پال، اور ڈائریکٹر جنرل آف پولیس جتیندر نے شرکت کی۔
ریونت ریڈی نے کہا کہ ایسے پلیٹ فارم جو کمزور طبقوں کی خاموش تکالیف کو اجاگر کرتے ہیں، موجودہ سماجی ماحول میں بے حد ضروری ہیں۔ انہوں نے تلنگانہ پولیس اور دیگر شراکت دار اداروں کی جانب سے اس اجلاس کے انعقاد کی ستائش کی اور کہا کہ ان کی حکومت قانونی ڈھانچوں کے ساتھ ساتھ مؤثر تعاون کے نظام بنانے پر بھی زور دے رہی ہے۔

انہوں نے ’بھروسہ سینٹرس ‘ کو نمایاں کیا، جو ریاست بھر میں خواتین و بچوں کے لیے قانونی مدد، پولیس مداخلت، طبی سہولتیں اور نفسیاتی مشاورت جیسے تمام سہولیات فراہم کرتے ہیں۔ اس وقت ریاست میں ایسے 29 مراکز کام کر رہے ہیں۔ ریونت ریڈی نے بتایا کہ بچوں کے لیے دوستانہ عدالتیں قائم کرنے والی تلنگانہ پہلی ریاست بنی، جن کی قیادت حیدرآباد کے بھروسہ مرکز نے کی، تاکہ کم عمر متاثرین کو عدالتی کارروائی کے دوران مزید صدمہ نہ پہنچے۔
انہوں نے کہا کہ بچوں سے متعلق جنسی جرائم کی روک تھام سے متعلق قانون (POCSO) اور نابالغوں سے متعلق قانون (Juvenile Justice Act) جیسے قوانین مضبوط ضرور ہیں، لیکن ان کے نفاذ میں حساسیت ضروری ہے تاکہ متاثرین کو دوبارہ ذہنی اذیت سے نہ گزرنا پڑے۔ انہوں نے سائبر جرائم کے خلاف سخت اقدامات کی اپیل کی اور مجرموں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ جو بچے کو نقصان پہنچاتے ہیں، ان کے لیے کوئی نرمی نہیں ہوگی اور فوری و سخت انصاف فراہم کیا جائے گا۔
ریونت ریڈی نے نوجوانوں اور عوام کو ڈیجیٹل دور میں سوشل میڈیا کے غیر ذمہ دارانہ استعمال کے خطرات سے آگاہ کرتے ہوئے ہوشیاری اور شعور کو روک تھام کا بنیادی ذریعہ قرار دیا۔
آخر میں انہوں نے عدلیہ، قانون نافذ کرنے والے ادارے، بچوں کی بہبود کے محکمے اور ترقیاتی شراکت داروں سے اپیل کی کہ وہ باہم متحد ہوکر کام کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ انصاف صرف عدالت میں نہیں بلکہ تھانے سے لے کر چائلڈ کیئر ہوم تک محسوس ہونا چاہیے۔
LIVE: Hon’ble Chief Minister Sri A. Revanth Reddy participates in Inaugural Session of State Level Meet 2025 on POCSO at MCRHRD, Hyderabad. https://t.co/T1Rphtodcy
— Telangana CMO (@TelanganaCMO) July 5, 2025



























































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































