حیدرآباد: ہندوستانی محکمہ موسمیات (IMD) نے اتوار کو تلنگانہ بھر میں موسلا دھار Rainfallکے لیے نیا انتباہ جاری کیا ہے۔ پیش گوئی کے مطابق ریاست میں آج سے ایک ہفتے تک بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے، جس سے کسانوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔
محکمہ کے مطابق تلنگانہ کے کئی اضلاع میں درمیانی سے شدید بارش متوقع ہے، جو ریاست میں گزشتہ دس دنوں سے جاری خشک موسم کا خاتمہ کرے گی۔ بارش کی پیش گوئی آندھرا پردیش کے کئی حصوں کے لیے بھی کی گئی ہے، جہاں خاص طور پر رائل سیما علاقے میں 5 اگست کو انتہائی شدید بارش کے لیے مخصوص انتباہ جاری کیا گیا ہے۔
محکمہ نے مزید بتایا کہ تمل ناڈو، یانم، اور مہاراشٹرا کے اندرونی علاقوں میں بھی آنے والے دنوں میں قابل ذکر بارش متوقع ہے۔
دوسری جانب بارش کی تازہ لہر نے ریاست بھر کے کسانوں کو راحت پہنچائی ہے۔ کئی کسان، جو بوائی اور آبپاشی کے لیے دوسری بارش کا انتظار کر رہے تھے، اب کھیتوں میں سرگرم ہو گئے ہیں۔ ریاستی زرعی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ بارش فصلوں کی بہتر نشوونما اور پانی کی سطح کو بحال کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔









































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































