حیدرآباد: وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے جمعرات کو سابق وزیر اعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ پر تلنگانہ کے آبی وسائل کو ناقابل تلافی نقصان پہنچانے کا الزام CM Accuses KCRعائد کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کے کسان اُن کے اس “ظلم” کو کبھی معاف نہیں کریں گے۔
نئی دہلی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے الزام لگایا کہ سابق بی آر ایس حکومت نے بڑے آبپاشی منصوبوں میں سنگین کوتاہیاں کیں، خاص طور پر کالیشورم لفٹ ایریگیشن پراجیکٹ میں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس معاملے اور فون ٹیپنگ کیس کی تحقیقات سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن کے سپرد کی جائیں۔
ریونت ریڈی کا کہنا تھا کہ مرکزی وزیر کشن ریڈی، سابق وزیر اعلیٰ کے سی آر کو بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ آخر مرکز کالیشورم میں کرپشن کے خلاف کارروائی کیوں نہیں کر رہا، جب کہ تمام مرکزی تحقیقاتی ادارے ان کے اختیار میں ہیں۔ انہوں نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ شاید کشن ریڈی کو لگتا ہے کہ یہ سب آسانی سے دب جائے گا۔
اگرچہ انہوں نے ذاتی دشمنی سے انکار کیا، مگر کہا کہ سیاسی مخالف کے سی آر کے اقدامات نے ریاست تلنگانہ کو نقصان پہنچایا۔ ریونت ریڈی نے بی آر ایس قائد کے ٹی راما راؤ اور آندھرا پردیش کے وزیر نارا لوکیش کے درمیان مبینہ آدھی رات کی ملاقات پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے وضاحت طلب کی کہ آخر اس کا مقصد کیا تھا۔
کے ٹی آر کو نشانہ بناتے ہوئے ریونت نے الزام لگایا کہ وہ نشے کے عادی افراد کے درمیان رہتے ہیں اور ان کے قریبی ساتھی کیدار کی دبئی میں منشیات کے سبب موت کو بھی موضوع بنایا۔ ریونت نے طنزاً کہا کہ وہ “بیت الخلاء صاف کرنے والوں” سے بحث نہیں کریں گے، اور سابق وزیر جگدیش ریڈی پر بھی طنز کیا کہ وہ صرف “شراب میں سوڈا مکس کرنا” جانتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فون ٹیپنگ کیس کی تحقیقات تیزی سے آگے بڑھ رہی ہیں ۔ انہوں نے خبردار کیا کہ کے سی آر خاندان کا کوئی بھی فرد اس سے بچ نہیں پائے گا۔ ریونت ریڈی نے بی جے پی زیر قیادت مرکز پر ریاست میں بدعنوانی کو بے نقاب کرنے کی کوششوں میں رکاوٹ ڈالنے کا بھی الزام عائد کیا۔
وزیر اعلیٰ نے مہاراشٹرا کے دورے اور تمّیڈی ہٹی پراجیکٹ کے معائنہ کا اعلان کرتے ہوئے دو ڈھائی سال میں ایک لاکھ ملازمتیں فراہم کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔








































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































