حیدرآباد: کاماریڈی ضلع میں ایک Ganesh Idolکی منتقلی کے دوران افسوسناک حادثہ پیش آیا جب مورتی ہائی وولٹیج برقی تاروں سے ٹکرا گئی۔ اس واقعہ میں ایک 19 سالہ نوجوان کی موت ہوگئی جبکہ دوسرا شدید زخمی ہو گیا۔ حادثہ ارمور – راجنا سرسلہ روٹ پر، آری پلی گاؤں (منڈل پلوانچا) کے قریب پیش آیا۔
پولیس کے مطابق مورتی غیر معمولی طور پر اونچی تھی اور سڑک کے اوپر سے گزرنے والی 11 کے وی تاروں کو چھو گئی۔ اچانک برقی جھٹکے کے باعث جلوس کے ساتھ چلنے والے دو نوجوان نیچے گر پڑے۔
ہلاک ہونے والے کی شناخت لکشمنارائنا (19) ساکن راجنا سرسلہ ٹاؤن کے طور پر ہوئی ہے جبکہ دوسرا نوجوان، سائی (25)، شدید زخمی ہوا ہے اور اسپتال میں زیر علاج ہے۔ دونوں نوجوان جھٹکے کے فوراً بعد بے ہوش ہو گئے تھے۔ سی پی آر دینے کی کوشش کی گئی لیکن لکشمنارائنا کو بچایا نہ جا سکا۔
ماچاریڈی کے سب انسپکٹر انیل نے جائے حادثہ کا معائنہ کیا۔ حکام نے کہا کہ مورتی کی منتقلی کے دوران حفاظتی اقدامات کی کمی کے تعلق سے تحقیقات جاری ہیں۔













































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































