حیدرآباد:Commercial LPG سلنڈر کی قیمت میں 24 روپئے کی کمی کی گئی ہے، جس کے بعد 19 کلو وزنی سلنڈر کی نئی قیمت یکم جون سے پورے ملک میں ₹1,723.50 مقرر کی گئی ہے۔ یہ فیصلہ تیل کمپنیوں کی جانب سے ہفتہ کے روز عالمی خام تیل کی قیمتوں اور مارکیٹ رجحانات کی بنیاد پر ماہانہ جائزہ کے تحت کیا گیا۔
یہ گزشتہ چند مہینوں میں دوسرا موقع ہے جب کمرشیل ایل پی جی کی قیمت میں کمی کی گئی ہے۔ اس سے قبل یکم اپریل کو 41 روپئے کی کمی کی گئی تھی۔
اگرچہ گھریلو استعمال کے ایل پی جی سلنڈرز کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، لیکن کمرشیل صارفین ، خاص طور پر چھوٹے کاروبار، ریستوران، اور ہوٹل انڈسٹری کے لیے یہ کمی کچھ حد تک راحت کا باعث بنی ہے۔
حکام کے مطابق مختلف ریاستوں میں مقامی ٹیکس اور ٹرانسپورٹ چارجز کی وجہ سے قیمتوں میں معمولی فرق ہو سکتا ہے، تاہم پورے بھارت کے لیے موجودہ قیمت ₹1,723.50 فی سلنڈر مقرر کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ بھارت میں ایل پی جی کا تقریباً 90 فیصد حصہ گھریلو کھانا پکانے کے لیے استعمال ہوتا ہے، جبکہ بقیہ حصہ کمرشیل باورچی خانوں، صنعتی مقاصد، اور گاڑیوں میں استعمال کیا جاتا ہے۔


































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































