IPL Final
حیدرآباد ۔ رائل چیلنجرز بنگلورو نے انڈین پریمیئر لیگ 2026 کے فائنل میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گجرات ٹائٹنز کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔ احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس اہم مقابلے میں راجت پاٹیدار کی قیادت میں آر سی بی نے مسلسل دوسری مرتبہ آئی پی ایل ٹرافی اپنے نام کر لی۔
اس کامیابی کے ساتھ آر سی بی آئی پی ایل کی تاریخ میں اپنے خطاب کا کامیابی سے دفاع کرنے والی تیسری ٹیم بن گئی ہے۔ اس سے قبل صرف چنئی سپر کنگز اور ممبئی انڈینز یہ اعزاز حاصل کر چکی تھیں۔
گیندبازوں کی شاندار کارکردگی | IPL Final
ٹاس جیتنے کے بعد آر سی بی نے پہلے گیندبازی کا فیصلہ کیا جو مکمل طور پر درست ثابت ہوا۔ جاش ہیزل ووڈ نے گجرات ٹائٹنز کے کپتان شبھمن گل کو صرف 10 رنز پر آؤٹ کرکے حریف ٹیم کو ابتدائی دھچکا پہنچایا۔
اس کے فوراً بعد سائی سدرشن بھی 12 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ جوس بٹلر نے اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی، تاہم کرنال پانڈیا نے انہیں آؤٹ کرکے گجرات کی مشکلات میں اضافہ کر دیا۔
اگرچہ واشنگٹن سندر نے مزاحمت کرتے ہوئے 37 گیندوں پر ناقابل شکست 50 رنز اسکور کیے، تاہم گجرات ٹائٹنز 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 155 رنز ہی بنا سکی۔
آر سی بی کی جانب سے نوجوان غیر کیپڈ کھلاڑی راسخ سلام سب سے کامیاب گیندباز رہے۔ انہوں نے 4 اوورز میں 27 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ مزید برآں، بھونیشور کمار اور جاش ہیزل ووڈ نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ کرنال پانڈیا نے بھی 1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
ویراٹ کوہلی کی فیصلہ کن اننگز | IPL Final
156 رنز کے ہدف کے تعاقب میں وینکٹیش ایئر اور ویراٹ کوہلی نے آر سی بی کو جارحانہ آغاز فراہم کیا۔ وینکٹیش ایئر نے صرف 16 گیندوں پر 32 رنز بنائے جن میں 4 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔
اگرچہ دیودت پڈیکل صرف 1 رن بنا سکے، تاہم ویراٹ کوہلی نے ایک طرف سے سنبھالے رکھا۔ اسی دوران راشد خان نے ایک ہی اوور میں رجت پاٹیدار اور کرنال پانڈیا کو آؤٹ کرکے مقابلے میں سنسنی پیدا کرنے کی کوشش کی۔
تاہم ٹم ڈیوڈ نے 17 گیندوں پر 24 رنز کی اہم اننگز کھیل کر ٹیم کو ہدف کے قریب پہنچایا۔ دوسری جانب ویراٹ کوہلی نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 42 گیندوں پر ناقابل شکست 75 رنز بنائے۔
ان کی اننگز میں 9 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔ چنانچہ آر سی بی نے 5 وکٹوں سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے مسلسل دوسری مرتبہ آئی پی ایل ٹرافی جیت لی۔
یہ کامیابی اس لیے بھی اہم رہی کیونکہ 2025 میں اپنا پہلا خطاب جیتنے والی آر سی بی نے 2026 میں بھی شاندار فارم برقرار رکھتے ہوئے تاریخ دہرا دی اور اپنی برتری ثابت کر دی۔
