حیدرآباد: تلنگانہ کے تمام سرکاری اسکولوں میں جمعہ سے Facial Recognitionپر مبنی حاضری کا نیا نظام نافذ کر دیا گیا ہے، جو تدریسی اور غیر تدریسی دونوں طرح کے عملے پر لاگو ہے۔
ریاست بھر کے 24,973 اسکولوں میں تعینات 1,28,760 ملازمین میں سے 96,327 افراد (75فیصد ) نے پہلے ہی دن موبائل ایپ کے ذریعے اپنی رجسٹریشن مکمل کر لی، جبکہ 89,922 رجسٹرڈ ملازمین (93.3فیصد ) نے کامیابی سے حاضری درج کروائی۔ باقی 6,405 عملہ رجسٹریشن کا منتظر ہے۔
ضلع وائز اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ حاضری عادل آباد میں ریکارڈ کی گئی، جہاں 2,403 ملازمین میں سے 96.16فیصد نے حاضری درج کی۔ اس کے بعد سنگاریڈی میں 95.84فیصد ، جوگولامباگدوال میں 95.56فیصد ، محبوب آباد اور کمرم بھیم آصف آباد میں 95.14فیصد عملے نے شرکت کی۔
حیدرآباد، کاماریڈی، نرمل، میڑچل-ملکا جاری، رنگا ریڈی، کھمم، ورنگل، کریم نگر اور نظام آباد سمیت تقریباً تمام اضلاع میں حاضری کی شرح 90فیصد سے زیادہ رہی۔
صرف پداپلی ضلع نے سب سے کم شرکت درج کی، جہاں 1,944 عملے نے حاضری درج کروائی، جو کہ صرف 74.57فیصد ہے۔
حکام کے مطابق:
کل سرکاری اسکول: 24,973
اسکول جہاں نظام نافذ ہو چکا: 24,951
اسکول جہاں آغاز باقی ہے: 22
یہ نیا نظام شفافیت کو فروغ دینے اور عملے کی وقت پر موجودگی کو یقینی بنانے کے مقصد سے شروع کیا گیا ہے۔
















































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































