حیدرآباد: تلنگانہ ہائی کورٹ میں آج چار نئے ججوں نے حلف لیا، جس کے بعد عدالت عظمیٰ کے بنچ کی مجموعی تعداد بڑھ کر 30 ہو گئی ہے۔
چیف جسٹس اپریش کمار سنگھ نے جسٹس گاڈی پروین کمار، جسٹس رام کرشنا ریڈی، جسٹس ایس چلاپتی راؤ، اور جسٹس غوث میرا محی الدین سے حلف لیا۔ یہ تقریب Telangana High Courtکے احاطے میں منعقد ہوئی۔
یہ تقرریاں صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کی منظوری کے بعد عمل میں آئیں، جو کہ سپریم کورٹ کولیجیئم کی سفارشات کے تحت ملک بھر میں عدالتی نظام کو مضبوط کرنے کی مہم کا حصہ ہیں۔
تلنگانہ ہائی کورٹ کو چار نئے ایڈیشنل جج حاصل ہوئے ہیں، جو کہ ملک کی مختلف ہائی کورٹس میں کی جانے والی مجموعی 19 تقرریوں کا ایک حصہ ہیں۔
مدھیہ پردیش ہائی کورٹ کو سات مستقل اور چار اضافی جج ملے ہیں، جب کہ گوہاٹی ہائی کورٹ میں چار ایڈیشنل ججوں کا تقرر عمل میں آیا ہے۔
ان تقرریوں سے تلنگانہ ہائی کورٹ میں زیر التوا مقدمات کی یکسوئی میں تیزی آنے اور عدالتی نظام کو مزید تقویت ملنے کی امید ہے۔





























































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































