حیدرآباد: وزیراعلیٰ اے ریونت ریڈی نے Old City Metroکاریڈور کی تعمیراتی سرگرمیوں میں تیزی لانے کی ہدایت دی ہے، جسے حیدرآباد میٹرو فیز 2 کا ایک اہم جزو قرار دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ نہ صرف شہر کی داخلی رابطہ کاری کو مضبوط بنائے گا بلکہ شمس آباد ایئرپورٹ تک رسائی کو بھی بہتر کرے گا۔
یہ کاریڈور مہاتما گاندھی بس اسٹیشن (ایم جی بی ایس) سے فلک نما تک تقریباً 7 تا 8 کلومیٹر تک پھیلا ہوگا، اور تاریخی علاقوں جیسے چارمینار اور فلک نما کو شہر کے باقی میٹرو نیٹ ورک سے جوڑے گا۔ اس کا انضمام ایل بی نگر اور چندرائن گٹہ کاریڈور سے کیا جائے گا، تاکہ ایئرپورٹ کاریڈور تک براہ راست رسائی ممکن ہو۔
اب تک 270 جائیداد مالکان نے رضاکارانہ طور پر اپنی اراضیاں منصوبے کے لیے حوالے کی ہیں، جن میں سے 170 کو 80 کروڑ روپئے معاوضے کے طور پر ادا کیے جا چکے ہیں، جس کی شرح 81,000 روپئے فی مربع یارڈ رکھی گئی ہے۔ سڑک کنارے موجود ڈھانچوں کی انہدامی کارروائیاں شروع ہو چکی ہیں، جبکہ مٹی کی جانچ اور دیگر سروے مکمل کر لیے گئے ہیں۔ ڈیٹیلڈ پراجیکٹ رپورٹ (ڈی پی آر) بھی تیاری کے مراحل میں ہے۔
پرانے شہر میں میٹرو توسیع کا یہ منصوبہ برسوں سے التوا کا شکار رہا، جس کی وجوہات میں سیاسی حساسیت شامل تھی۔ تاہم حالیہ دنوں میں مقامی عوام کی حمایت میں اضافہ دیکھا گیا ہے، جو بہتر ٹرانسپورٹ سہولیات کے لیے آواز اٹھا رہے ہیں۔ اس عوامی رجحان کے پیش نظر، سرکاری ادارے متحرک ہو چکے ہیں اور زمین کی حصولیابی و سروے کا کام تیزی سے جاری ہے۔
وزیراعلیٰ ریونت ریڈی نے حالیہ جائزہ اجلاس میں واضح کیا کہ مزید تاخیر ناقابل قبول ہے، اور تمام ریاستی محکمہ جات کو ہدایت دی کہ وہ مرکزی وزارت برائے ہاؤسنگ و اربن افیئرز کے ساتھ ہم آہنگی سے کام کریں تاکہ تمام ضروری منظوریوں کو جلد از جلد حاصل کیا جا سکے۔
انہوں نے درالشِفاء جنکشن تا شاہ علی بنڈہ جنکشن روڈ کی توسیع کے منصوبے کا بھی جائزہ لیا، اور کاریڈور کو 100 فٹ چوڑا کرتے ہوئے فلک نما تک وسعت دینے کی تجویز پیش کی۔ ان کے مطابق یہ ایک طویل مدتی سرمایہ کاری ہوگی جو پرانے شہر کے انفراسٹرکچر میں نمایاں بہتری لائے گی۔
ریاستی حکومت کا کہنا ہے کہ حیدرآباد میں میٹرو نیٹ ورک کی توسیع حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ فی الحال شہر میں تین میٹرو کاریڈور فعال ہیں، جبکہ پانچ مزید کاریڈور فیز 2 کے تحت منصوبہ بند ہیں۔ ان میں پرانا شہر کاریڈور کو سب سے اہم سمجھا جا رہا ہے۔
