حیدرآباد:وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے منگل کے روز کمانڈ کنٹرول سینٹر میں شہری نظم و نسق اور منصوبہ بندی کا جائزہ لیا اور اعلیٰ میونسپل حکام کو ہدایت دی کہ وہ Pollution-Free Hyderabadکی تشکیل کے لیے اسٹرکچرل اصلاحات کا آغاز کریں۔
ریونت ریڈی نے محکموں کو حکم دیا کہ وہ آئندہ 25 سالہ حکمت عملی تیار کریں جس میں بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور آلودگی پر قابو کو مرکزی حیثیت حاصل ہو۔ خاص طور پر شہری مرکز میں زیر زمین ڈرینیج اور پاور کیبلنگ سسٹم کی ترقی کو ترجیح دی جائے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مرکزی حیدرآباد میں آلودگی کا مستقل حل نکالنا ضروری ہے اور دہلی، بنگلورو اور چنئی جیسے شہروں کی شہری مشکلات کا مطالعہ کر کے حیدرآباد میں ان جیسے حالات پیدا ہونے سے بچا جائے۔
انہوں نے شہری سہولتوں کو مستقبل کی ضروریات کے مطابق وسعت دینے کی بھی ہدایت دی تاکہ آبادی میں اضافہ اور ترقیاتی تقاضے بہتر طور پر پورے کیے جا سکیں۔
اس اجلاس میں وزیر اعلیٰ کے مشیر ویم نریندر ریڈی، اسپیشل چیف سکریٹری جیش رانجن، ایم اے اینڈ یو ڈی سکریٹری مانک راج، ایم اے اینڈ یو ڈی (ایچ ایم ڈی اے) سکریٹری ایل امبارتی، ایچ ایم ڈی اے کمشنر سرفراز احمد، جی ایچ ایم سی کمشنر آر وی کرنن، ہائیڈرا کمشنر رنگناتھ، ایف سی ڈی اے کمشنر کے ششانک، ایچ ایم ڈبلیو ایس ایس بی ایم ڈی اشوک ریڈی، ایگزیکٹو ڈائریکٹر میانک متل، ایم آر ڈی سی ایل ایم ڈی ای وی نرسمہا ریڈی، جے ایم ڈی گوتمی سمیت کئی اعلیٰ افسران شریک ہوئے۔









































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































