حیدرآباد: جی ایچ ایم سی کمشنر آر وی کرنان نے بدھ کے روز شہر کے متعدد نشیبی علاقوںFlood-Prone Area کا معائنہ کرتے ہوئے انجینئرنگ عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ فوری طور پر پانی کے جمع ہونے والے مقامات کو صاف کریں اور بارش کے دوران ٹریفک میں خلل نہ آنے کے لیے مؤثر اقدامات کریں۔
ان کے ہمراہ ٹریفک جوائنٹ کمشنر پولیس گجاراو بھوپال، سیرلنگم پلی زونل کمشنر بھورکاڈے ہیمنت سہادیوراؤ اور دیگر اعلیٰ عہدیدار بھی موجود تھے۔
معائنہ سیرلنگم پلی زون کے مختلف علاقوں میں کیا گیا، جس میں میڈیکوور اسپتال کے قریب جوبلی اینکلیو کمان شامل تھا، جہاں ڈرینج لائنوں کا جائزہ لیا گیا۔ اس کے بعد کرنن نے شلپارم کے سامنے تمڈی کنٹہ جھیل کے آؤٹ لیٹ کا دورہ کیا، اور پھر ہائی ٹیک سٹی میں یشودا اسپتال روڈ پر اسمائل لائن ڈینٹل کے قریب واقع واٹر لاگنگ پوائنٹ کا مشاہدہ کیا۔
انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ اسمائل لائن ڈینٹل کے قریب اسٹارم واٹر ڈرین کی تعمیر کی جائے اور تمڈی کنٹا جھیل کے اطراف میں جمع شدہ کچرے کو فوری طور پر ہٹایا جائے، جسے ہائیڈرا (حیدرآباد ڈیزاسٹر ریسپانس اینڈ ایسیٹس مانیٹرنگ اینڈ پروٹیکشن) کی جانب سے جمع کیا گیا تھا۔
آر وی کرنن نے مزید زور دیا کہ بارش کے دوران تیزی سے جمع ہونے والی سلٹ کو فوری صاف کیا جائے۔ تمام محکموں کو ہائی الرٹ پر رہنے اور نشیبی علاقوں میں سیلاب سے بچاؤ کے اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی تاکہ ٹریفک میں خلل نہ ہو۔
































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































