حیدرآباد: حیدرآباد، سائبرآباد اور راچہ کنڈہ پولیس کمشنریٹس کو خواتین کی سلامتی کیلئے قائم Women Safety Wingسے باضابطہ طور پر منسلک کر دیا گیا ہے۔ اس فیصلے کا اعلان ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل چارو سنہا نے منگل کے روز کیا۔
یہ فیصلہ پولیس ڈائریکٹر جنرل جتیندر کی زیرصدارت ڈی جی پی دفتر میں منعقدہ تینوں کمشنریٹس کے مشترکہ اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں ویمن سیفٹی وِنگ کے تحت جاری پروگراموں کو مزید مؤثر بنانے، جیسے کہ بھروسہ مراکز، اینٹی ہیومن ٹریفکنگ یونٹس، فیملی کونسلنگ سروسز اور شی ٹیمز کو بہتر طریقے سے مربوط کرنے پر غور کیا گیا۔
ڈی جی پی جتیندر نے ہدایت دی کہ تینوں کمشنریٹس اپنے اسٹاف اور وسائل ان پروگراموں کیلئے فراہم کریں تاکہ زمینی سطح پر ان کی مؤثر عمل آوری ممکن ہو سکے۔
چاروسنہا نے بتایا کہ اس انضمام کا مقصد “پروجیکٹ سیفٹی” کو مستحکم بنانا ہے، جو سوسائٹی فار سائبرآباد سیکیورٹی کونسل (SCSC) کے اشتراک سے چلایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کے تحت اب تک 1,000 سے زائد خواتین ہاسٹلز کا معائنہ کیا جا چکا ہے۔
اجلاس میں راچہ کنڈہ کمشنر سدھیر بابو، سائبرآباد کمشنر اویناش مہانتی، اور ویمن سیفٹی وِنگ کی ڈپٹی انسپکٹر جنرل ریما راجیشوری بھی موجود تھیں۔












































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































