حیدرآباد: [en]Food Poisoning[/en] کے ایک واقعہ میں نلگنڈہ ضلع کے دیوراکونڈہ منڈل میں واقع ایک قبائلی گرلز آشرم اسکول کی 33 طالبات کو دو دن کے دوران مختلف طبی مراکز میں داخل کرایا گیا، جب وہ کھانے کے بعد اُلٹی، دست اور پیٹ درد جیسی علامات کا شکار ہو گئیں۔
یہ واقعہ موڈی گونڈہ قبائلی آشرم اسکول میں پیش آیا، جہاں 300 سے زائد طالبات زیر تعلیم اور مقیم ہیں۔ اتوار کی شام کو طالبات کو پہلے ہلکے پھلکے اسنیکس دیے گئے، جس کے بعد رات کے کھانے میں چکن کری پیش کی گئی۔ کھانے کے کچھ دیر بعد ہی کئی طالبات نے اُلٹی کی شکایت کی، جس پر ڈیوٹی پر موجود ANM نے ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔
پیر کی صبح جب طالبات نے ناشتہ میں املی کے چاول کھائے تو مزید طالبات کو اُلٹی، پیٹ درد اور اسہال کی شکایت ہونے لگی۔ اسکول عملے نے فوری طور پر انہیں ترکا پلی پرائمری ہیلتھ سنٹر منتقل کیا، جہاں سے انہیں دیوراکونڈہ کے سرکاری اسپتال روانہ کیا گیا۔
ریونیو ڈویژنل آفیسر رمانا ریڈی نے مقامی عہدیداروں کے ہمراہ اسپتال کا دورہ کیا اور متاثرہ طالبات کی صحت کا جائزہ لیا۔ انہوں نے اسپتال کے سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر روی پرکاش سے تفصیلی تبادلہ خیال بھی کیا۔
ڈاکٹروں نے تصدیق کی ہے کہ تمام متاثرہ طالبات کی حالت اب مستحکم ہے اور ان کا علاج جاری ہے۔
بی سی سنگھم، اے ایس ایف، اور ایس ایف ایس آئی کے قائدین نے بھی اسپتال کا دورہ کیا اور طالبات کی خیریت دریافت کی۔
یہ واقعہ ریاستی رہائشی اسکولوں میں خوراک کے معیار اور صفائی ستھرائی پر سوالات کھڑے کرتا ہے۔ والدین اور سماجی تنظیموں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اسکولوں میں کھانے کے معیار کی باقاعدہ نگرانی کی جائے تاکہ ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو۔
