حیدرآباد: متحدہ آندھرا پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ [en]Y S Rajasekhara Reddy[/en] کی یومِ پیدائش کے موقع پر کانگریس قائدین منگل کے روز مختلف مقامات پر خراج عقیدت پیش کریں گے۔ پارٹی عہدیداروں نے اتوار کو اطلاع دی کہ صبح 10:30 بجے پنجہ گوٹہ میں واقع ان کے مجسمے پر گلدستے چڑھائے جائیں گے۔
اس موقع پر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر و ایم ایل سی مہیش کمار گوڑ، سابق چیف منسٹر پڈوچیری وی نارائن سامی، ریاستی وزراء، ارکان پارلیمنٹ، ارکان اسمبلی، ایم ایل سیز اور دیگر سینئر کانگریس قائدین کی شرکت متوقع ہے۔
بعد ازاں، صبح 11 بجے گاندھی بھون میں ایک علیحدہ تقریب میں ڈاکٹر وائی ایس آر کی تصویر پر بھی پھول چڑھائے جائیں گے۔
تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے تمام کارکنوں اور قائدین سے اپیل کی ہے کہ وہ بڑی تعداد میں شریک ہو کر مرحوم قائد کے نظریات اور خدمات کو خراج تحسین پیش کریں۔











































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































